ریونیو وصولیاں تیز کرنے ،درخواستیں جلد نمٹانے کی ہدایتٍ
ریونیو وصولیاں تیز کرنے ،درخواستیں جلد نمٹانے کی ہدایتسرکاری امور میں غفلت اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی :کمشنر
سرگودھا (سٹاف رپورٹر)کمشنر سرگودھا ڈویژن حافظ شوکت علی نے سرکاری واجبات کی وصولی تیز کرنے ، ریونیو اہداف بروقت مکمل کرنے اور زیرِ التوا عوامی درخواستوں سمیت زمینوں کے کھیوٹ اور انتقالات سے متعلق مسائل فوری حل کرنے کی ہدایت کر دی۔چیف سیکرٹری پنجاب کی ہدایات کے مطابق ویڈیو لنک اجلاس کی صدارت کرتے ہوئے کمشنر حافظ شوکت علی نے متعلقہ افسران کو ہدایت کی کہ سرکاری واجبات کی وصولی کے لیے ریکوری مہم تیز کی جائے اور ریونیو اہداف کے حصول کے لیے کارکردگی کی مسلسل نگرانی یقینی بنائی جائے ۔
انہوں نے واضح کیا کہ سرکاری امور میں غفلت اور غیر ضروری تاخیر برداشت نہیں کی جائے گی۔اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، ڈپٹی ڈائریکٹر پنجاب لینڈ ریکارڈز اتھارٹی، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں پلس (PULSE) پراجیکٹ پر پیش رفت، عوامی درخواستوں کے ازالے اور نشاندہی شدہ قیمتی سرکاری املاک پنجاب ایسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو منتقل کرنے سے متعلق امور کا جائزہ لیا گیا۔
کمشنر نے پلس پراجیکٹ کی سرگرمیاں تیز کرنے اور مقررہ اہداف بروقت مکمل کرنے کی ہدایت کرتے ہوئے کہا کہ کھیوٹ اور انتقالات سے متعلق مسائل میرٹ اور شفافیت کے ساتھ فوری حل کیے جائیں۔ پنجاب لینڈ ریونیو آرڈیننس 2026 کے تحت موصول ہونے والی درخواستوں پر بھی مقررہ مدت میں فیصلے کیے جائیں۔انہوں نے نشاندہی شدہ قیمتی سرکاری املاک کی پنجاب ایسٹ مینجمنٹ اتھارٹی کو منتقلی کے سلسلے میں زیرِ التوا امور قواعد و ضوابط کے مطابق جلد مکمل کرنے اور متعلقہ محکموں کے درمیان مؤثر رابطہ کاری یقینی بنانے کی ہدایت کی۔ کمشنر نے واضح کیا کہ آئندہ اجلاس میں تمام اضلاع کی کارکردگی اور عملی پیش رفت نمایاں ہونی چاہیے ۔ اجلاس میں ضلعی افسران نے ریونیو وصولیوں، عوامی شکایات، پلس پراجیکٹ اور دیگر متعلقہ امور پر بریفنگ بھی دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments