سرگودھا میں 1554 کنال سے زائد سرکاری اراضی کی آن لائن نیلامی شروع
مجموعی ریزرو پرائس 74 کروڑ 44 لاکھ 95 ہزار 313 روپے مقرر ، نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم عوامی فلاح و بہبود، شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی
سرگودھا (سٹاف رپورٹر )سرگودھا میں تین بڑی پراپرٹیز پر مشتمل مجموعی طور پر 1554 کنال 5 مرلہ سرکاری اراضی کی آن لائن نیلامی کا آغاز ہو گیا ہے ، جس کی مجموعی ریزرو پرائس 74 کروڑ 44 لاکھ 95 ہزار 313 روپے مقرر کی گئی ہے۔ نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم عوامی فلاح و بہبود، شہری سہولیات کی بہتری اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کی جائیگی۔ ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر ریونیو خاور بشیر نے بتایا کہ حکومت پنجاب کے کاروبار دوست اقدامات کے تحت سرکاری اراضی کو مؤثر معاشی سرگرمیوں کیلئے بروئے کار لانے ، سرمایہ کاروں کو شفاف طریقے سے سرمایہ کاری کے مواقع فراہم کرنے اور ضلع میں کاروباری سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے آن لائن نیلامی شروع کی گئی ہے ۔نیلامی میں چک نمبر 88 جنوبی، لاہور روڈ پر واقع 129 کنال 15 مرلہ، موضع سیدوانہ، لاہور روڈ پر واقع 39 کنال اور چک نمبر 51شمالی میں واقع 1385 کنال 10مرلہ سرکاری اراضی شامل ہے ۔ ان تینوں پراپرٹیز کی ریزرو پرائس بالترتیب 28 کروڑ 54 لاکھ 50 ہزار روپے ، 11 کروڑ 70 لاکھ روپے اور 34 کروڑ 20 لاکھ 45 ہزار 313 روپے مقرر کی گئی ہے ۔اے ڈی سی آر خاور بشیر نے کہا کہ مقررہ ضابطہ کار پر عملدرآمد یقینی بنایا جائیگا۔نیلامی سے حاصل ہونے والی رقم سرگودھا کے شہریوں کی فلاح و بہبود، شہری سہولیات میں بہتری اور عوامی مفاد کے منصوبوں پر خرچ کی جائے گی۔حکام کے مطابق نیلامی کا عمل 4 نومبر 2026ء تک جاری رہے گا۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments