آئی جی جیل خانہ جات کاڈسٹرکٹ جیل شاہپور کا اچانک دورہ
آئی جی جیل خانہ جات کاڈسٹرکٹ جیل شاہپور کا اچانک دورہ ہینڈی کرافٹس، جوتوں، صابن، قالین، فرنیچر، ڈسٹیمپر کی تیاری کا جائزہ
شاہپور صدر (نامہ نگار) آئی جی جیل خانہ جات پنجاب میاں سالک جلال نے ڈی آئی جی جیل خانہ جات سعید اللہ گوندل کے ہمراہ ڈسٹرکٹ جیل شاہپور کا اچانک دورہ کیا۔ دورے کے دوران انہوں نے جیل کے مختلف انتظامی، صنعتی اور فنی تربیتی شعبوں کا تفصیلی معائنہ کیا اور قیدیوں کو فراہم کی جانے والی سہولیات کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر سپرنٹنڈنٹ ڈسٹرکٹ جیل شاہپور رانا محمد کاشف اور دیگر جیل افسران بھی موجود تھے ۔ جیل پہنچنے پر چاق و چوبند دستے نے آئی جی جیل خانہ جات کو سلامی پیش کی۔ انہوں نے ہینڈی کرافٹس، جوتوں، صابن، سرف، قالین، فرنیچر، ڈسٹیمپر اور ٹف ٹائلز کی تیاری کے شعبوں کا جائزہ لیا۔
اس کے علاوہ سی این سی لیزر کٹنگ یونٹ کا بھی معائنہ کیا اور وہاں جاری کام کے بارے میں معلومات حاصل کیں۔آئی جی جیل خانہ جات نے قیدیوں کو ہنرمند بنانے کے لیے قائم حجامت اور سلائی کے تربیتی یونٹس کا بھی دورہ کیا۔ ان شعبوں میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی فنی تربیت اور کام کے طریقہ کار کا جائزہ لیا گیا۔ جیلوں میں فنی تربیت کے ایسے پروگرام قیدیوں کو کارآمد ہنر سیکھنے کے مواقع فراہم کرنے اور رہائی کے بعد باعزت روزگار کے حصول میں مدد دینے کے حوالے سے اہمیت رکھتے ہیں دورے کے موقع پر جیل میں قیدیوں کو فراہم کی جانے والی بنیادی سہولیات اور انتظامی امور کا بھی جائزہ لیا گیا۔ سپرنٹنڈنٹ جیل شاہپور رانا محمد کاشف نے آئی جی جیل خانہ جات میاں سالک جلال کو جیل میں دستیاب سہولیات، جاری سرگرمیوں اور مختلف انتظامی اقدامات کے حوالے سے بریفنگ دی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments