ٹریفک جام سے بچنے کیلئے گنے سے لدی ٹرالیوں پروزن کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت

ٹریفک جام  سے بچنے کیلئے گنے سے لدی ٹرالیوں پروزن کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت

لوڈ ٹرالیاں سڑکوں پر کھڑی کرنے کے بجائے شوگر ملوں کے احاطے میں پارک کی جائیں گی،سنگل ایکسل ٹرالی پر زیادہ سے زیادہ 12ٹن گنا لوڈ کیا جا سکے گا

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پنجاب میں آئندہ ماہ شروع ہونے والے گنے کے کرشنگ سیزن کے دوران ٹریفک کی روانی برقرار رکھنے اور سڑکوں پر ٹریفک جام سے بچنے کے لیے کین کمشنر پنجاب نے ضلعی انتظامیہ کو گنے سے لدی ٹرالیوں پر مقررہ وزن کی پابندی یقینی بنانے کی ہدایت کر دی۔ جاری گائیڈ لائنز کے مطابق گنے سے لوڈ ٹرالیاں سڑکوں پر کھڑی کرنے کے بجائے شوگر ملوں کے احاطے میں پارک کی جائیں گی، جبکہ اوورلوڈنگ اور ہدایات کی خلاف ورزی کی صورت میں متعلقہ شوگر مل انتظامیہ کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔ ہدایات کے تحت سنگل ایکسل ٹرالی پر زیادہ سے زیادہ 12 ٹن گنا لوڈ کیا جا سکے گا اور اس کی لمبائی 12 فٹ مقرر کی گئی ہے ، ڈبل ایکسل ٹریکٹر ٹرالی کی لمبائی 12 سے 20 فٹ اور گنجائش 18 ٹن تک ہوگی، جبکہ ٹرپل ایکسل ٹرالی 22 سے 30 فٹ لمبی اور زیادہ سے زیادہ 24 ٹن گنا لے جا سکے گی۔ کین کمشنر پنجاب نے متعلقہ حکام کو زمینداروں اور گنا کاشت کرنے والے کسانوں میں آگاہی مہم چلانے کی بھی ہدایت کی ہے تاکہ کرشنگ سیزن کے دوران مقررہ لوڈنگ حدود پر عمل درآمد یقینی بنایا جا سکے اور بھاری ٹرالیوں کے باعث ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کے ساتھ سڑکوں پر ممکنہ مشکلات سے بھی بچا جا سکے ۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...