پٹرول سستا ہونے کے باوجود کم قیمت پر نہیں ملتا
روزانہ کے ردو بدل نے شہریوں کو پریشان کر دیا،انتظامیہ کی مؤثر نگرانی نظر نہیں آتی، جس سے مبینہ بے ضابطگیوں کو روکنے والا نظام کمزور دکھائی دیتاریلیف دینے کے لیے اقدامات کا فائدہ اسی وقت صارفین تک پہنچ سکتا جب درست پیمائش کو یقینی بنایا جائے ،قیمتوں کا تعین ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جائے ، شہری
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں آئے روز ردوبدل نے پٹرول پمپ مالکان کو من مانی کا موقع فراہم کر دیا، شہریوں کو حکومتی ریلیف کی منتقلی اور مقررہ نرخوں پر پٹرول کی فراہمی کے حوالے سے سنگین شکایات سامنے آنے لگی ہیں،شہریوں کے مطابق قیمتیں کم ہونے کے باوجود بعض مقامات پر ایک روز قبل کے نرخ وصول کیے جانے ، جبکہ بعض پٹرول پمپس پر سرکاری مقررہ قیمت سے ایک دو روپے فی لیٹر زائد وصول کرنے کی شکایات ہیں۔ مزید تشویش ناک امر یہ ہے کہ بعض شہریوں نے مبینہ طور پر ایسے الگ فیول ڈسپنسرز یا مشینوں کی نشاندہی بھی کی ہے جن کے ذریعے پیمائش میں کمی کرکے صارفین کو مقررہ مقدار سے کم پٹرول فراہم کیے جانے کا خدشہ ہے ، تاہم ان الزامات کی تصدیق کے لیے باقاعدہ معائنہ اور پیمائش کے آلات کی جانچ ضروری ہے ، شہریوں کا کہنا ہے کہ قیمتوں میں بار بار تبدیلی کے دوران انتظامیہ کی مؤثر نگرانی نظر نہیں آتی، جس سے مبینہ بے ضابطگیوں کو روکنے والا نظام کمزور دکھائی دیتا ہے ۔ حکومت کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کا فائدہ اسی وقت صارفین تک پہنچ سکتا ہے جب پٹرول پمپس پر مقررہ نرخوں اور درست پیمائش کو یقینی بنایا جائے ۔ شہریوں نے مطالبہ کیا ہے مصنوعات کی قیمتوں میں ردوبدل روزانہ کرنے کے بجائے ممکن ہو تو ہفتہ وار بنیادوں پر کیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments