200 یونٹ سے کم بجلی استعمال پر بھی گھریلو صارفین کو ہزاروں روپے کے بل موصول
اکتوبر 2026 میں اتنے ہی یونٹ استعمال کرنے پر بل بڑھ کر 3520 روپے ہو گیا ، ایک سال کے دوران اسی بجلی کے استعمال پر 1690 روپے کا اضافی بوجھ پڑ گیا۔
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) بجلی کے بھاری بلوں نے عوام کی کمر توڑ کر رکھ دی، مہنگائی کے ہاتھوں پہلے ہی پریشان شہریوں کو اکتوبر کے بجلی بلوں کی وصولی شروع ہوتے ہی ایک اور مالی جھٹکا لگ گیا۔ 200 اور 300 یونٹ سے زائد بجلی استعمال کرنے والے صارفین تو پہلے ہی بھاری بلوں سے پریشان تھے ، اب 200 یونٹ سے کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین بھی ہزاروں روپے کے بل دیکھ کر سراپا احتجاج بن گئے ہیں۔ ذرائع کے مطابق گزشتہ سال اکتوبر 2025 میں اوسطاً 150 یونٹ بجلی استعمال کرنے پر 1830 روپے بل ادا کرنا پڑتا تھا، جبکہ رواں سال اکتوبر 2026 میں اتنے ہی یونٹ استعمال کرنے پر بل بڑھ کر 3520 روپے ہو گیا ہے ، یعنی صرف ایک سال کے دوران اسی بجلی کے استعمال پر 1690 روپے کا اضافی بوجھ پڑ گیا۔ صارفین کا کہنا ہے کہ بجلی کی کھپت کم رکھنے کے باوجود بلوں میں مسلسل اضافہ سمجھ سے بالاتر ہے ، آخر کم بجلی استعمال کرنے والے گھریلو صارفین کہاں جائیں؟ ایک طرف اشیائے خورونوش، گیس اور دیگر بنیادی ضروریات زندگی کی قیمتیں عوام کی پہنچ سے باہر ہو رہی ہیں تو دوسری جانب بجلی کے بلوں نے محدود آمدن والے خاندانوں کے لیے گھریلو اخراجات پورے کرنا بھی مشکل بنا دیا ہے ۔ شہریوں کا مزید کہنا ہے کہ عوام آخر جائیں تو جائیں کدھر؟ مہنگائی نے جینا دوبھر کر رکھا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments