گندم کی بہتر پیداوار کیلئے ایک ہفتہ وار آگاہی مہم جاری
کھادوں و آبپاشی کے متوازن استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے ، زرعی ماہرین
سرگودھا(سٹاف رپورٹر)محکمہ زراعت توسیع اور یونیورسٹی آف ایگریکلچر فیصل آباد کے اشتراک سے گندم کی بہتر پیداوار کے لیے ایک ہفتہ وار آگاہی مہم جاری ہے ، جو 2 سے 8 نومبر 2026ء تک جاری رہے گی۔ مہم کا مقصد کاشتکاروں، زرعی ماہرین اور ہارٹیکلچر انٹرنز کو گندم کی جدید پیداواری ٹیکنالوجی، موزوں اقسام، کاشت کے لیے سازگار موسمی حالات اور فصل پر سموگ کے اثرات سے آگاہ کرنا ہے ۔مہم کے دوران شعبہ پلانٹ پیتھالوجی کے پروفیسر ڈاکٹر ساجد علیم خان نے شرکاء کو گندم کی فی ایکڑ پیداوار میں اضافے کے لیے جدید زرعی اصولوں اور سائنسی طریقہ ہائے کاشت کے حوالے سے آگاہی فراہم کی۔ انہوں نے کہا کہ گندم پاکستان کی اہم غذائی فصل ہے اور اس کی بہتر پیداوار کے لیے معیاری و تصدیق شدہ بیجوں کا انتخاب، بروقت کاشت، زمین کی زرخیزی برقرار رکھنے اور کھادوں و آبپاشی کے متوازن استعمال کو یقینی بنانا ضروری ہے ۔انہوں نے بتایا کہ گندم کی بہتر نشوونما کے لیے موزوں درجہ حرارت، زرخیز اور اچھی نکاسی والی زمین، مناسب آبپاشی اور دھوپ بنیادی اہمیت رکھتے ہیں۔ کاشتکاروں کو چاہیے کہ وہ اپنے علاقے کے موسمی حالات کے مطابق منظور شدہ اور بیماریوں کے خلاف قوتِ مدافعت رکھنے والی اقسام کا انتخاب کریں تاکہ فصل کی پیداوار اور معیار میں اضافہ کیا جا سکے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments