واجبات التوا کا شکار، حجم 40 کروڑتک پہنچ چکا، ریلوے کراسنگز فعال نہ ہوسکے
صرف سرگودھا میں یہ رقم 4 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ،ضلعی انتظامیہ کی سطح پر بھی اس مالی تنازع کا کوئی مستقل حل سامنے نہیں آ سکا،ریکوری یقینی بنانے پر زور
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا، بہاولپور، رحیم یار خان، ملتان، خانیوال، ساہیوال اور جھنگ سمیت پنجاب کے درجن سے زائد اضلاع میں ہائی ویز اور شہری علاقوں میں واقع ریلوے کراسنگز کو فعال رکھنے ، ان کی مرمت و دیکھ بھال اور پھاٹکوں پر تعینات ملازمین کی تنخواہوں کی ادائیگی کے سلسلے میں متعلقہ محکموں کے ذمے سابقہ اور موجودہ واجبات کئی سال سے التوا کا شکار ہیں، جن کا مجموعی حجم تقریباً 40 کروڑ روپے تک پہنچ چکا ہے ، جبکہ صرف سرگودھا میں یہ رقم 4 کروڑ روپے سے تجاوز کر گئی ہے ۔ ریلوے حکام کی جانب سے بارہا یاد دہانیوں اور ادائیگیوں کی استدعا کے باوجود متعلقہ ہائی وے ڈیپارٹمنٹ اور بلدیاتی ادارے ذمہ داری قبول کرنے سے گریزاں ہیں، جبکہ ڈویژنل اور ضلعی انتظامیہ کی سطح پر بھی اس مالی تنازع کا کوئی مستقل حل سامنے نہیں آ سکا۔ واجبات کی عدم ادائیگی نے ریلوے حکام کو شدید مالی اور انتظامی مشکلات سے دوچار کر رکھا ہے ، خصوصاً ریلوے کراسنگز پر تعینات عملے کی تنخواہیں التوا کا شکار ہیں اور پھاٹکوں کی مرمت و دیکھ بھال کے معاملات بھی متاثر ہو رہے ہیں۔ معاملے کی سنگینی کا اندازہ اس امر سے لگایا جا سکتا ہے کہ وفاقی آڈٹ حکام نے واجبات کی عدم وصولی کو محکمانہ غفلت، غیر ذمہ داری اور سنگین مالی بے ضابطگی قرار دیتے ہوئے ہر صورت ریکوری یقینی بنانے پر زور دیا ہے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments