ستھرا پنجاب میں کروڑوں کی ادائیگیاں مشکوک
18 تحصیلوں میں اسکورنگ کے نمبروں میں مبینہ ردوبدل اور جرمانوں کی معافی کا معاملہ سنگین ہو گیا، کمشنر نے نوٹس لیتے ہوئے حکام سے رپورٹ طلب کر لی اعلیٰ سطح کی تحقیقات اورشفاف آڈٹ کرانے کی درخواست ،ادائیگیوں کو اصل سسٹم ریکارڈ، فیلڈ میں کارکردگی اور منظور شدہ نمبروں کے ساتھ ملا کر جانچا جائے گا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) ستھرا پنجاب پروگرام میں کروڑوں کی ادائیگیوں کا حساب مشکوک، 18 تحصیلوں میں اسکورنگ کے نمبروں میں مبینہ ردوبدل اور جرمانوں کی معافی کا معاملہ سنگین رخ اختیار کر گیا، کمشنر سرگودھا نے نوٹس لیتے ہوئے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی،ذرائع کے مطابق ستھرا پنجاب پروگرام کے تحت سرگودھا ڈویژن کی 18 تحصیلوں میں جولائی 2026ء سے اب تک کے دوران کی جانے والی ادائیگیوں کا نظام اور جرمانوں کی معافی مشکوک قرار دے دی گئی، سرکاری خزانے سے رقوم کی ادائیگی کے لیے مرتب کیے گئے کارکردگی اسکور میں مبینہ ردوبدل کے ذریعے اصل نمبروں سے زیادہ نمبر ظاہر کرنے اور اسی بنیاد پر ادائیگیاں بڑھانے کے سنگین معاملات سامنے آ گئے ،یہ بھی معلوم ہوا ہے کہ ریکارڈ میں ردوبدل کرکے کارکردگی کو مصنوعی طور پر بہتر ظاہر کیا گیااس ضمن میں سرگودھا سالڈ ویسٹ مینجمنٹ کمپنی کے اعلی نمائندے کی جانب سے ڈویژنل انتظامیہ کو تحریری طور پر آگاہ کرتے ہوئے اعلیٰ سطح کی تحقیقات اور تمام 18 تحصیلوں کا شفاف آڈٹ کرانے کی درخواست کی ہے ، جس پر کمشنر نے متعلقہ حکام سے رپورٹ طلب کر لی ہے ،ذرائع کا کہنا ہے کہ مذکورہ مہینوں کی ادائیگیوں کو اصل سسٹم ریکارڈ، فیلڈ میں حقیقی کارکردگی اور منظور شدہ نمبروں کے ساتھ ملا کر جانچا جائے گا اورمعاملے کا دوسرا اہم پہلو اس دوران معاف کیے گئے جرمانے ہیں، جن کی وجوہات، منظوری دینے والے افسران اور قانونی جواز کی تفصیلات بھی طلب کرلی گئی ہیں ،کمشنر کی جانب سے رپورٹ طلب کیے جانے کے بعد اب یہ معاملہ متعلقہ محکموں کی جانچ پڑتال اور ممکنہ مالی بے ضابطگیوں کی نشاندہی کے حوالے سے اہمیت اختیار کر گیا ہے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments