کسان نہری پانی کی بندش کے باعث مشکلات سے دوچار
کسان نہری پانی کی بندش کے باعث مشکلات سے دوچار کاشتکاروں کی قیمتی زرعی زمینیں بنجر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) چک نمبر 135 جنوبی اور 134 جنوبی کے کسان نہری پانی کی مسلسل بندش کے باعث شدید مشکلات سے دوچار ہو گئے ، بار بار پانی کی فراہمی معطل ہونے سے فصلوں کی آبی ضروریات پوری کرنا مشکل ہو گیا جبکہ کاشتکاروں کی قیمتی زرعی زمینیں بنجر ہونے کا خدشہ پیدا ہو گیا ہے ،دونوں دیہات کے کسانوں کا کہنا ہے کہ انہیں آئے روز نہری پانی کی بندش کا سامنا کرنا پڑتا ہے اور ابھی پانی کی فراہمی بحال ہونے کی امید پیدا ہوتی ہے کہ دوبارہ بندش کر دی جاتی ہے ۔ اب ایک مرتبہ پھر مینڈر بند کیے جانے سے کاشتکار پانی کی بوند بوند کو ترس گئے ہیں اور ان کی فصلیں شدید متاثر ہونے کا خدشہ ہے ۔ کسانوں کے مطابق زرعی زمینوں کو بروقت پانی نہ ملنے سے نہ صرف فصلوں کی پیداوار متاثر ہو رہی ہے بلکہ ان کی سال بھر کی محنت اور سرمایہ کاری بھی خطرے میں پڑ گئی ہے ۔ کاشتکاروں کا کہنا ہے کہ وہ اپنی فریاد لے کر کس کے پاس جائیں، کوئی ان کی مشکلات سننے اور پانی کی فراہمی یقینی بنانے کو تیار نہیں۔ انہوں نے اعلیٰ حکام سے مطالبہ کیا ہے کہ چک نمبر 135 جنوبی اور 134 جنوبی میں نہری پانی کی بندش کا فوری نوٹس لیا جائے۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments