اے پی ایس ہائی سکول میں اسکاؤٹس یونٹ کے قیام کا آغاز
اے پی ایس ہائی سکول میں اسکاؤٹس یونٹ کے قیام کا آغاز اسکاؤٹنگ محض یونیفارم پہننے کا نام نہیں ، یہ نظم و ضبط، ذمہ داری کا عظیم مشن ، پرنسپل
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) گورنمنٹ شہدائے اے پی ایس میموریل ہائی سکول سرگودھا میں اسکاؤٹس یونٹ کے قیام کا آغاز کر دیا گیا، اس موقع پر پرنسپل سید احتشام الحق ہمدانی نے مختلف کلاسز کے منتخب طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اسکاؤٹنگ محض یونیفارم پہننے یا بیج لگانے کا نام نہیں بلکہ یہ نظم و ضبط، ذمہ داری، کردار سازی اور خدمتِ انسانیت کا عظیم مشن ہے ۔ اسکاؤٹس ایسے خوش نصیب طلبہ ہیں جنہیں اس اہم ذمہ داری کے لیے منتخب کیا گیا ہے ، انہیں اپنے کردار، اخلاق اور عملی رویے سے دوسروں کے لیے مثال بننا ہوگا۔ ایک اچھا اسکاؤٹ ہمیشہ نظم و ضبط کا پابند، سچ بولنے والا، بڑوں کا احترام کرنے والا، دوسروں کی مدد کرنے والا اور وطن سے محبت کرنے والا ہوتا ہے ، جو ہر مشکل وقت میں انسانیت کی خدمت کے لیے تیار رہتا ہے ۔ اسکاؤٹنگ کے ذریعے طلبہ میں خود اعتمادی، قیادت، ہمت اور احساسِ ذمہ داری پیدا ہوتا ہے ، جبکہ نوجوانوں کو مستقبل کے ذمہ دار شہری اور باکردار رہنما بنانے میں بھی مدد ملتی ہے ۔ پرنسپل نے اسکاؤٹس پر زور دیا کہ وہ اپنی صلاحیتوں کو مثبت سرگرمیوں اور خدمتِ خلق کے لیے بروئے کار لائیں اور پاکستان کے قابلِ فخر سپوت بننے کا عزم کریں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments