نادہندگان کیخلاف سخت کارروائی کا فیصلہ
سرگودھا کو ایک ارب 88 کروڑ 80 لاکھ ، خوشاب کو 63 کروڑ 3 لاکھ 32 ہزار 919 روپے ، میانوالی کو 42 کروڑ 47 لاکھ 31 ہزارکا ہدف ملامحکمہ ایکسائز پنجاب کو رواں مالی سال 125 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف ،اہداف پورے نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی ہو گی
سرگودھا(سٹاف رپورٹر) محکمہ ایکسائز پنجاب کو رواں مالی سال 125 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دیے گیا ہے ،نادہندگان کے خلاف سخت کارروائی کا فیصلہ، سرگودھا ڈویژن کو 3 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد وصولی کا ہدف، چار ماہ میں ایک ارب ایک کروڑ 79 لاکھ روپے وصول، سرگودھا 61 کروڑ روپے سے زائد ریکوری کے ساتھ سرفہرست،حکومت پنجاب نے رواں مالی سال 2026-27ء کے دوران محکمہ ایکسائز، ٹیکسیشن اینڈ نارکوٹکس کنٹرول کو صوبہ بھر سے 125 ارب روپے ٹیکس وصولی کا ہدف دے دیا ہے ، جبکہ ہدف کے حصول کے لیے تمام سرکاری وسائل بروئے کار لانے اور ٹیکس اہداف پورے نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے ۔
پراپرٹی ٹیکس اور ٹوکن ٹیکس کی رعایتی مدت ختم ہونے کے بعد نادہندگان کے خلاف کارروائیوں کا دائرہ مزید وسیع کرنے کی بھی ہدایات جاری کر دی گئی ہیں۔اس حوالے سے ایڈیشنل سیکرٹری محکمہ ایکسائز اینڈ ٹیکسیشن پنجاب حسنین مزمل نے گزشتہ روز دورہ سرگودھا کے موقع پر محکمہ کے افسران اور ملازمین سے گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ رواں مالی سال کے دوران ٹیکس وصولی کے مقررہ اہداف ہر صورت حاصل کیے جائیں، اس سلسلے میں تمام دستیاب وسائل استعمال کیے جائیں گے ، جبکہ ٹارگٹ پورا نہ کرنے والے افسران کے خلاف محکمانہ کارروائی عمل میں لائی جائے گی۔انہوں نے بتایا کہ مالی سال 2026-27ء کے لیے سرگودھا ڈویژن کو مجموعی طور پر 3 ارب 34 کروڑ روپے سے زائد ٹیکس وصولی کا ہدف دیا گیا ہے ، جس میں ضلع سرگودھا کو ایک ارب 88 کروڑ 80 لاکھ 26 ہزار 688 روپے ، ضلع خوشاب کو 63 کروڑ 3 لاکھ 32 ہزار 919 روپے ، ضلع میانوالی کو 42 کروڑ 47 لاکھ 31 ہزار 819 روپے جبکہ ضلع بھکر کو 40 کروڑ 22 لاکھ 85 ہزار 781 روپے وصول کرنے کا ہدف مقرر کیا گیا ہے ۔ڈائریکٹر ایکسائز سرگودھا ڈویژن محمد علی نویدنے بریفنگ دیتے ہوئے بتایا کہ مالی سال کے پہلے چار ماہ کے دوران سرگودھا ڈویژن کے چاروں اضلاع سے مجموعی طور پر ایک ارب ایک کروڑ 79 لاکھ 80 ہزار 350 روپے ٹیکس وصول کیا گیا، جس میں ضلع سرگودھا 61 کروڑ 15 لاکھ 44 ہزار 855 روپے کی وصولی کے ساتھ ڈویژن بھر میں پہلے نمبر پر رہا، خوشاب سے 18 کروڑ 53 لاکھ 65 ہزار 680 روپے ، میانوالی سے 11 کروڑ 20 لاکھ 39 ہزار 623 روپے جبکہ بھکر سے 10 کروڑ 90 لاکھ 39 ہزار 192 روپے وصول کیے گئے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments