زمینوں کے زیرِ التوا معاملات پر سخت اقدامات کا فیصلہ

زمینوں کے زیرِ التوا معاملات پر سخت اقدامات کا فیصلہ

زمینوں کے زیرِ التوا معاملات پر سخت اقدامات کا فیصلہ عوام کو ریونیو دفاتر میں غیر ضروری تاخیر کا سامنا نہیں ہونا چاہیے

سرگودھا(سٹاف رپورٹر) سرگودھا ڈویژن میں ریونیو دفاتر کی کارکردگی، زمینوں کے ریکارڈ کی درستگی اور شہریوں کے زیرِ التوا معاملات پر ڈویژنل انتظامیہ نے سخت اقدامات اٹھانے کا فیصلہ کر لیا، کمشنر سرگودھا کی جانب سے ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم کے تحت زیرِ التوا مقدمات ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے ، کھیوٹ اور انتقالات کے مسائل بلا تاخیر حل کرنے جبکہ گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا میں تیزی لانے کے احکامات بھی جاری کر دیئے گئے ، کمشنر حافظ شوکت علی نے واضح کیا ہے کہ زمین اور جائیداد کے ریکارڈ سے متعلق شہریوں کی شکایات کا فوری ازالہ متعلقہ افسران کی بنیادی ذمہ داری ہے ، عوام کو ریونیو دفاتر میں غیر ضروری تاخیر اور مشکلات کا سامنا نہیں ہونا چاہیے اور ہر درخواست کو میرٹ، شفافیت اور مقررہ مدت کے اندر نمٹایا جائے ۔

اس سلسلے میں کمشنر کی زیرِ صدارت منعقدہ جائزہ اجلاس میں ایڈیشنل کمشنر کوآرڈینیشن، ڈپٹی کمشنرز، ایڈیشنل ڈپٹی کمشنرز ریونیو، اسسٹنٹ کمشنرز اور دیگر متعلقہ افسران نے شرکت کی۔ اجلاس میں حکومت پنجاب کے ریونیو اقدامات پر عملدرآمد، ریونیو کورٹ مینجمنٹ سسٹم (RCMS)، گرین پراپرٹی سرٹیفکیٹس کے اجرا، اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام، کھیوٹ سے متعلق مسائل، زیرِ التوا انتقالات اور ریونیو ریکارڈ کی درستگی کا تفصیلی جائزہ لیا گیا۔ کمشنر حافظ شوکت علی نے ہدایت کی کہ ریونیو عدالتوں میں زیرِ التوا مقدمات کی باقاعدہ مانیٹرنگ کی جائے اور انہیں ترجیحی بنیادوں پر نمٹانے کے لیے مؤثر اقدامات کیے جائیں، جبکہ کھیوٹ اور انتقالات سے متعلق عوامی مسائل کو قواعد و ضوابط کے مطابق بلا تاخیر حل کیا جائے ۔ اپنا کھیت اپنا روزگار پروگرام کے حوالے سے انہوں نے تمام مراحل حکومتی پالیسی کے مطابق مکمل کرنے ، مستحق افراد کے انتخاب میں میرٹ اور شفافیت برقرار رکھنے اور مقررہ اہداف کے حصول کے لیے مؤثر نگرانی یقینی بنانے کی ہدایت کی۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...