سرگودھا میں خواتین پر تشدد کے خاتمے کی 16 روزہ مہم جاری
سرگودھا (سٹاف رپورٹر) ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا کی قیادت میں خواتین اور بچیوں کو تشدد سے محفوظ بنانے ، ان کے حقوق کے تحفظ اور معاشرے میں ان کے احترام و وقار کو فروغ دینے کے لیے سرگودھا میں 16 روزہ آگاہی مہم بھرپور انداز میں جاری ہے ۔
اس مہم کے سلسلے میں ضلع بھر کے نمایاں مقامات پر خصوصی تشہیری برانڈنگ کی گئی ہے تاکہ خواتین کیخلاف تشدد کے خاتمے کا پیغام عام شہریوں تک پہنچایا جا سکے ۔ مہم کے تحت سکولوں، کالجوں اور جامعات میں آگاہی سیمینارز، واکس، مباحثوں، انٹرایکٹو سیشنز اور پوسٹر سازی کے مقابلوں سمیت مختلف سرگرمیاں منعقد کی جا رہی ہیں۔
ان سرگرمیوں کا مقصد نوجوان نسل اور معاشرے کے تمام طبقات میں خواتین کے حقوق، تحفظ اور تشدد کے خلاف شعور اجاگر کرنا ہے ۔ ڈپٹی کمشنر حسین احمد رضا چوہدری نے تمام متعلقہ سرکاری و نجی محکموں، تعلیمی اداروں، بلدیاتی اداروں اور سول سوسائٹی تنظیموں کو مہم میں فعال کردار ادا کرنے کی ہدایت کی ہے ۔ مہم کے دوران مقررہ اورنج اینڈ وائٹ تھیم کے مطابق تشہیری مواد اور بینرز آویزاں کیے جا رہے ہیں، جبکہ مہم کا کیو آر کوڈ بھی طلبہ، اساتذہ، سرکاری ملازمین اور عام شہریوں تک پہنچایا جا رہا ہے تاکہ زیادہ سے زیادہ افراد خواتین اور بچیوں کے خلاف تشدد کے خاتمے کے عہد میں شریک ہو سکیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments