بیل دوڑ صدیوں پرانی روایت ، زندہ رکھنا ضروری : امیر حیدر
بیل دوڑ صدیوں پرانی روایت ، زندہ رکھنا ضروری : امیر حیدر حکومت پنجاب روایتی کھیل کے فروغ اور سرپرستی کے لیے خصوصی اقدامات کرے
خوشاب (نمائندہ دنیا) ممبر ڈسٹرکٹ ڈویلپمنٹ کوآرڈینیشن کمیٹی خوشاب اور سابق چیئرمین ضلع کونسل ملک امیر حیدر سنگھا نے کہا ہے کہ بیل دوڑ پنجاب اور وسطی پنجاب کا صدیوں پرانا اور مقبول روایتی کھیل ہے ، جس کی جڑیں برصغیر کی زرعی ثقافت میں پیوست ہیں۔ اس روایت کو زندہ رکھنے میں ضلع خوشاب کے مکینوں نے ہمیشہ کلیدی کردار ادا کیا ہے ۔ گاؤں دئیوال میں منعقدہ بیل دوڑ مقابلے ضلع خوشاب کے باسیوں کی اپنی شاندار روایات سے محبت کا ثبوت ہیں۔انہوں نے ان خیالات کا اظہار دامن مہاڑ کے گاؤں دئیوال میں منعقدہ بیل دوڑ مقابلوں کے دوران بطور مہمان خصوصی خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ یہ روایتی کھیل تقسیم ہند سے قبل متحدہ پنجاب میں بھی بھرپور جوش و خروش سے کھیلا جاتا تھا۔ گاؤں کے چودھری اور زمیندار اعلیٰ نسل کے بیل پالنا اپنی شان اور عزت کی علامت سمجھتے تھے ۔ قیام پاکستان کے بعد اس کھیل کے فروغ میں ضلع خوشاب کے ساتھ اٹک، فتح جنگ، چکوال، تلہ گنگ، جہلم اور سرگودھا کے مکینوں نے بھی اہم کردار ادا کیا، جس کے باعث یہ روایت نسل در نسل منتقل ہو رہی ہے ۔انہوں نے کہا کہ حکومت پنجاب اور وزارت کھیل و ثقافت کی ذمہ داری ہے کہ اس روایتی کھیل کے فروغ اور سرپرستی کے لیے خصوصی اقدامات کریں۔ مقابلوں میں خوشاب، چکوال، کلر کہار اور سرگودھا سمیت مختلف علاقوں سے لائے گئے بیلوں نے حصہ لیا، جنہیں ہزاروں شائقین نے دلچسپی سے دیکھا۔ اختتام پر ملک امیر حیدر سنگھا نے پہلی پوزیشن حاصل کرنے والے بیل کے مالک امیر مختار کو انعامات دیے ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments