جعلی ڈگری پربرطرف ائیر ہوسٹس کی اپیل مسترد
لاہور ہائیکورٹ نے جعلی ڈگری کی بنیاد پر نوکری سے برطرف ہونے والی ائیر ہوسٹس کی اپیل پر فیصلہ سنادیا ۔
لاہور(محمداشفاق سے )عدالت نے ائیر ہوسٹس ثمینہ سلیم قریشی کی اپیل مسترد کرتے ہوئے سول کورٹ کا فیصلہ درست قرار دے دیا ۔لاہورہائیکورٹ کے جسٹس رسال حسن سید نے پانچ صفحات پر مشتمل تحریری فیصلہ جاری کردیا ۔درخواست گزار ائیر ہوسٹس کی جانب سے موقف اختیار کیاگیا تھاکہ درخواست گزار 1996 میں پی آئی اے میں بطور ائیر ہوسٹس بھرتی ہوئی ،درخواست گزار کو 2018میں جعلی ڈگری کی بنیاد پر نوکری سے برطرف کیاگیا، درخواست گزار نے سول کورٹ اور ٹرائل کورٹ سے رجوع کیا ،تاہم درخواست گزار کی استدعا مسترد کی گئی ۔ درخواست گزار نے نقطہ اٹھایا تھا کہ ائیر ہوسٹس کی پوسٹ کے لیے بی اے کی ڈگری کی ضرورت نہیں تھی ،درخواست گزار کے مطابق ائیر ہوسٹس کے لیے انٹر میڈیٹ کی ڈگری مانگی گئی تھی جو کہ جعلی نہیں ہے ،جسٹس رسال حسن سید نے فیصلہ میں لکھا کہ درخواست گزار نے سول کورٹ میں نوکری سے برطرفی کے خلاف دعوی ٰدائر کیا جو کہ متعلقہ فورم نہ تھا ۔درخواست گزار نے سول کورٹ کے دعویٰ میں نقصانات کی ریکوری کی استدعا نہیں کی ،ماتحت عدالتوں نے درخواست گزار کے دعوؤں کو درست مسترد کیا ۔درخواست گزار کی اپیل حقائق کے برعکس ہے ،لہٰذا مسترد کی جاتی ہے ۔