محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائیاں،8غیر قانونی شکاری گرفتار

محکمہ وائلڈ لائف کی کارروائیاں،8غیر قانونی شکاری گرفتار

لاہور (لیڈی رپورٹر) محکمہ وائلڈ لائف نے نایاب جنگلی نیل گائے ریسکیو کرنے سمیت مرغابی اور فاختہ کے 8 غیر قانونی شکاریوں کو گرفتارکر کے بھاری جرمانے کر دئیے ۔

اتوار کو ترجمان کے مطابق وائلڈ لائف سٹاف راولپنڈی نے نر نیل گائے ریسکیو کر کے لوئی بھر وائلڈ لائف پارک منتقل کرکے تحقیقات شروع کر دیں۔اسسٹنٹ چیف وائلڈلائف رینجر ضلع میانوالی محمد عمران نے ٹیم کے ہمراہ فاختہ کے 3غیر قانونی شکاریوں کو گرفتار کر کے 1 لاکھ 54 ہزار روپے جرمانہ کیا۔اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع ڈی جی خان سدر المنتہی نے تحفظ شدہ جنگلی پرندوں کے 2غیر قانونی قابضین سے 1 را طوطا،1 گانی دار طوطا اور3لو برڈز برآمد کر کے وائلڈ لائف ایکٹ کی خلاف ورزی پر چالان اور50 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا جبکہ ضبط شدہ پرندے ڈی جی خان زو آزاد کر دئیے ۔ اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع قصور ڈاکٹر محمد فیاض نے بھی اپنی ٹیم کے ہمراہ مرغابی کا ایک غیر قانونی شکاری گرفتار کر کے اسے 30 ہزار جرمانہ کیا۔اسی طرح اسسٹنٹ چیف وائلڈ لائف رینجر ضلع جھنگ محمد اکرم شاہد نے اپنی ٹیم کے ہمراہ تحصیل احمد پورسیال سے مرغابی کے 2 شکاریوں کا چالان کر کے انہیں 45 ہزار روپے جرمانہ کیا۔

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں