مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات،5باراتیوں سمیت 7افراد جاں بحق،30زخمی

مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات،5باراتیوں سمیت 7افراد جاں بحق،30زخمی

رائیونڈ میں جی اے بگا پھاٹک کے قریب باراتیوں کی بس ٹرالر سے ٹکرا کر الٹ گئی، 5افراد چل بسے ، 20زخمی ہوئے کالا شاہ کاکو میں موٹروے پر تبلیغی اجتماع سے واپس آنیوالوں کا ڈالہ الٹنے سے 2نوجوان ، ٹرین تلے آکر نوجوان دم توڑ گیا

 رائیونڈ،نارنگ منڈی ،کالا شاہ کاکو(آن لائن،نمائندہ دنیا،نامہ نگار )رائیونڈ سمیت مختلف شہروں میں ٹریفک حادثات،5باراتیوں سمیت 7افراد جاں بحق، 30زخمی ہو گئے ۔ زخمیوں کو مختلف ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا۔تفصیلات کے مطابق تھانہ رائیونڈ کے علاقہ کڑیال میں جی اے بگا پھاٹک کے قریب باراتیوں سے بھری بس ٹرالر سے ٹکرانے کے بعد الٹ گئی جس کے نتیجہ میں بس میں سوار 5باراتی موقع پر ہی دم توڑ گئے جبکہ بچوں اور خواتین سمیت 20 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔ریسکیو1122کے اہلکاروں نے زخمیوں کو لاہور جنرل ہسپتال اور رائیونڈ ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا ، رائیونڈ پولیس نے موقع پر پہنچ کر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا ہے ۔ دوسری طرف لاہور ،سیالکوٹ موٹروے پر انٹرچینج نواحی گاؤں بلخے کے قریب تبلیغی اجتماع سے واپس آنیوالے کارکنوں کا تیز رفتار ڈالہ ڈیوائیڈر سے ٹکراکر الٹ کر سڑک سے نیچے 12 فٹ گہرے کھڈے میں جاگر اجس کے نتیجے میں تبلیغی جماعت کے دو کارکن 38 سالہ شکیل احمد اور 26 سال کوثر امین موقع پر جاں بحق جبکہ ڈرائیور فیض اﷲسمیت 5 افراد شدید زخمی ہو گئے ،جاں بحق افرادا کا تعلق ضلع کوہاٹ سے بتایا گیا ہے ۔دوسری طرف کالاخطائی روڈ پر جنڈیالہ کے قریب ٹریکٹر ٹرالی اور کیری ڈبہ کی آپس میں ٹکر کے نتیجہ میں خواتین سمیت پانچ افراد زخمی ہو گئے ،تمام حادثات کے زخمیوں کو ہسپتالوں میں منتقل کر دیا گیا جہاں 3 افراد کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے ۔ادھر کالا شاہ کاکو میں پیپلز کالونی کا رہائشی عاشق حسین ریلوے لائن کے ساتھ ساتھ سیر کر رہا تھا کہ اس دوران فیصل آباد سے لاہور آنے والی ٹرین تلے آ کر دم توڑ گیا، پولیس نے لاش قبضہ میں لے کر ضروری کارروائی کے بعد ورثاء کے حوالے کر دی۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں