مالٹا میں چاکلیٹ سے بنائی گئی سب سے بڑی ٹرین
ویلیٹا(نیٹ نیوز)مالٹا سے تعلق رکھنے والے مشہور چاکلیٹیئر اینڈریو فروجیا (جو کئی عالمی ریکارڈز رکھتے ہیں) نے حال ہی میں دنیا کے طویل ترین چاکلیٹ مجسمے کا نیا گنیز ورلڈ ریکارڈ قائم کر دیا۔
انہوں نے مالٹا کے انسٹیٹیوٹ آف ٹورازم سٹڈیز کے طلبا کے ساتھ مل کر 55.27 میٹر لمبی چاکلیٹ ٹرین تیار کی، جس میں ایک پرانا بھاپ سے چلنے والا انجن اور چاکلیٹ سے بنی 22 بوگیاں شامل تھیں۔ ہر بوگی کا وزن تقریباً 160 کلو گرام (352 پاؤنڈ) تھا۔دنیا کا یہ طویل ترین چاکلیٹ مجسمہ اس سال کے ونٹر اولمپک گیمز سے قبل میلان میں پیش کیا گیا۔ اٹلی کے شہر برگامو میں تقریباً 5 ہزار چاکلیٹ کے الگ الگ ٹکڑے کاٹے اور تراشے گئے ۔ بعد ازاں انہیں پلاسٹک میں لپیٹ کر نہایت احتیاط سے میلان منتقل کیا گیا، جہاں اینڈریو فروجیا کی ٹیم نے کئی دن تک محنت کر کے انہیں جوڑا تاکہ یہ شاندار مجسمہ ونٹر اولمپک گیمز سے پہلے مکمل ہو سکے۔