مناواں :بالیاں نوچنے پرمزاحمت،فائرنگ سے خاتون زخمی
ڈاکو ؤں نے اہلخانہ کو یرغمال بنا یا،نقدی، بالیاں اور دیگر زیورات لوٹ کرفرار دیگر علاقوں میں بھی چوری و ڈکیتی کی 10 وارداتیں، شہری لاکھوں سے محروم
لاہور (کرائم رپورٹر ،مانیٹرنگ ڈیسک )لاہور کے علاقہ مناواں میں ڈاکوؤں نے بالیاں نوچنے کے د وران مزاحمت کرنے پر فائرنگ کرکے خاتون کو شدید زخمی کر دیا۔دیگر علاقوں میں بھی چوری و ڈکیتی کی دیگر10 وارداتوں میں شہری لاکھوں کی نقدی اور قیمتی اشیا سے محروم ہو گئے ۔تفصیلات کے مطابق مناواں کے علاقہ میں 2ڈاکوؤں نے نجی سوسائٹی کے ایک گھر میں اہلخانہ کو یرغمال بنا لیا اورڈکیتی میں مزاحمت پرنادیہ نامی خاتون کو گولیاں مار کر شدید زخمی کر دیا۔ واقعے کی سی سی ٹی وی فوٹیج بھی سامنے آ گئی جس میں دونوں ڈاکوؤں کی جانب سے خاتون کو یرغمال بنا کر گھر سے باہر لاتے دیکھا جا سکتا ہے ،ڈاکو نقدی، خاتون کے کانوں کی بالیاں اور دیگر زیورات لوٹ کر فرار ہو گئے ، خاتون کو تشویشناک حالت میں ہسپتال منتقل کر دیا گیا ہے جبکہ 2 نا معلوم ڈاکوؤں کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیاہے ۔واضح رہے چند روز قبل شفیق آباد کے علاقے میں ڈکیتی مزاحمت پر خاتون کا قتل کر دیا گیا تھا۔ دوسری طرف نامعلوم ڈاکوؤں نے نولکھا میں نوازش سے 3لاکھ 80ہزار روپے اور موبا ئل فون، گڑھی شاہو میں مظہر سے 3لاکھ 60ہزار اور موبائل ،ڈیفنس میں فرحان سے 3لاکھ 35ہزار اور موبائل ،گرین ٹاؤن میں افضل سے 3لاکھ25ہزار اور موبائل جبکہ ہربنس پورہ میں خرم سے 3لاکھ 15ہزار اور موبائل فون چھین لیا ۔علاوہ ازیں نامعلوم افراد نے نواب ٹاؤن اور انارکلی سے 2 گاڑیاں جبکہ مناواں، گارڈن ٹاؤن اور باٹا پور سے 3موٹرسائیکلیں چوری کر لیں اور فرار ہو گئے ۔