بیوی نے لے پالک بیٹے سے ملکر شوہر کا گلا کاٹ ڈالا
ننکانہ صاحب( خبر نگار )منڈی فیض آباد میں جائیداد کے تنازع،گھریلو رنجش پر بیوی نے لے پالک بیٹے سے ملکر شوہر کو گلا کاٹ کر قتل کر دیا۔
تھانہ منڈی فیض آباد کے علاقہ چاہ کنیا نوالہ میں شہری محمد منیر کو رات کو سوتے میں چھریوں کے وار کر کے موت کے گھاٹ اتار دیا گیا۔ پولیس نے مقتول کے بھتیجے شہزاد علی کی مدعیت میں مقدمہ درج کر لیا ، جس میں مقتول کی بیوی بشریٰ بی بی، لے پالک بیٹے محمد عمر اور دیگر نامعلوم افراد کو نامزد کیا گیا ہے ۔مدعی کے مطابق محمد منیر کی شادی تقریباً 30 برس قبل بشریٰ بی بی سے ہوئی تھی تاہم اولاد نہ تھی۔ بعد ازاں مقتول نے اپنے سالے کے بیٹے ، محمد عمر کو لے پالک بیٹا بنایا، جس کی پرورش اور شادی بھی اسی نے کی۔ مدعی کا کہنا ہے کہ کچھ عرصہ سے گھریلو تعلقات کشیدہ تھے اور ملزمان جائیداد اپنے نام کروانا چاہتے تھے ، جس پر تنازع شدت اختیار کر گیا۔درخواست کے مطابق گزشتہ رات ملزموں نے مبینہ طور پر محمد منیر پر چھریوں سے وار کیے اور گلا کاٹ دیا، لاش گھر کے کمرے سے برآمد ہوئی۔