گوجرانوالہ:مبینہ مقابلے، 8 ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی، گرفتار

گوجرانوالہ:مبینہ مقابلے، 8 ریکارڈ یافتہ ملزم زخمی، گرفتار

قلب عباس ، زاہد ،عدیل ودیگر منشیات فروش مختلف مقامات سے پکڑے گئے

گوجرانوالہ (کرائم رپورٹر)گوجرانوالہ کے مختلف علاقوں میں پولیس نے 6 مبینہ مقابلوں کے دوران 8 ریکارڈ یافتہ ملزموں کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا ۔پولیس کے مطابق تھانہ دھلے کے علاقے میں کارروائی کے دوران ریکارڈ یافتہ منشیات فروش قلب عباس پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ڈیوائیڈر سے ٹکرا گیا جسے زخمی حالت میں گرفتار کر کے 15 کلو 120 گرام چرس برآمد کر لی گئی۔تھانہ سیٹلائٹ ٹاؤن پولیس نے ریکارڈ یافتہ منشیات فروش زاہد کو پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے واپڈا کے پول سے ٹکرانے پر زخمی حالت میں گرفتار کر لیا۔ ملزم سے 12 کلو چرس برآمد ہوئی۔

تھانہ کینٹ کے علاقے میں مقابلے کے دوران چوری، رہزنی اور منشیات فروشی کے درجن سے زائد مقدمات میں ریکارڈ یافتہ دو ملزم عدیل اور عظیم عرف جمعہ خان پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے الیکٹرک پول سے ٹکرا گیا، زخمی حالت میں گرفتار کر لیا گیا ۔ ملزموں سے موٹر سائیکل اور دو پسٹل برآمد ہوئے ۔ تھانہ سول لائن پولیس نے کارروائی میں ملزم علی رضا اور شہزاد کو پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے کھمبے سے ٹکرانے پر زخمی حالت میں گرفتار کرکے موٹر سائیکل اور دو پستول برآمد کرلئے ۔تھانہ سٹی وزیر آباد پولیس نے ریکارڈ یافتہ ملزم عدنان کو پولیس ناکہ سے فرار ہوتے ہوئے کھمبے سے ٹکرا جانے پر زخمی حالت میں گرفتار کیا جس سے 1440 گرام چرس اور موٹر سائیکل برآمد ہوئی۔تھانہ سٹی کامونکی پولیس نے رہزنی و منشیات فروشی مقدمات میں ریکارڈ یافتہ ملزم عامر کو زخمی حالت میں گرفتار کر لیا جبکہ اس کا ساتھی فرار ہو گیا ، گرفتار ملزم سے 1340 گرام چرس برآمد ہوئی۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں