الیکٹرک بس کے ملازم کا لڑکی پر تشدد،ملزم برطرف،گرفتار
رائیونڈ روڈ پر بس میں سوار ہونے کے تنازع پرسجاد علی نے لڑکی کوتھپڑ مارے وزیر ٹرانسپورٹ کا سخت نوٹس ،بدسلوکی برداشت نہیں کی جائے گی، بلال اکبر خان
لاہور (کرائم رپورٹر،سٹاف رپورٹر سے ) رائیونڈ روڈ پر سرکاری سپیڈو بس کے کنڈیکٹر کے لڑکی پر تشدد کی ویڈیو وائرل ہونے پر ملازم کو فوری طور پر ملازمت سے برطرف کر کے گرفتار کر لیا گیا ،واقعہ چوہنگ جیابگا سٹاپ کے قریب پیش آیا ،بس میں سوار ہونے کے تنازع پر کنڈیکٹراور لڑکی کے درمیان تلخ کلامی نے شدت اختیار کر لی ،وائرل ویڈیو میں واضح طور پر دیکھا جا سکتا ہے کہ بحث کے دوران کنڈیکٹرنے کم عمر لڑکی کو تھپڑ مارے جس پرو ہ زار وقطار روتی اور بس میں سوار ہونے کی کوشش کرتی رہی ، ویڈیو وائرل ہونے پر ڈی آئی جی آپریشنز لاہور نے فوری نوٹس لیتے ہوئے ملزم کی گرفتاری کے احکامات جاری کئے ،چوہنگ پولیس نے جدید ٹیکنالوجی کی مدد سے کنڈیکٹر سجاد علی کو گرفتار کر کے مقدمہ درج کر لیا اور اسے انویسٹی گیشن ونگ کے حوالے کر دیا ، وزیر ٹرانسپورٹ بلال اکبر خان نے سخت نوٹس لیتے ہوئے سجاد علی کو فوری طور پر ملازمت سے فارغ کرنے کا حکم دیا، وزیر ٹرانسپورٹ نے کہاہے کہ کسی بھی مسافر کے ساتھ بدتمیزی یا بدسلوکی ہرگز برداشت نہیں کی جائے گی ، اسی لیے ملوث ملازم کو نہ صرف ملازمت سے نکالا گیا بلکہ اسے بلیک لسٹ کرنے کا بھی فیصلہ کیا گیا ہے ۔