ایرانی حملوں سے امریکی اڈوں کے نقصان کا کوئی اندازہ نہیں : پینٹا گون
واشنگٹن (مانیٹرنگ سیل )ایران کے ساتھ جنگ کے دوران مشرقِ وسطٰی میں امریکی اڈوں اور تنصیبات کو جو نقصان پہنچا اس کی مرمت پر کتنی لاگت آئے گی؟، امریکی محکمۂ دفاع پینٹاگون کو ابھی اسکا کچھ اندازہ نہیں ۔
اس کے لیے فنڈنگ آئندہ سال کیلئے پیش کیے گئے 1اعشاریہ 5 ٹریلین ڈالر کے بجٹ میں شامل نہیں ہے ۔پینٹاگون کے عہدیدار جولز جے ہرسٹ سوم نے بجٹ پر بریفنگ کے دوران صحافیوں کو بتایا کہ پینٹاگون کے پاس ابھی تک بیرونِ ملک ہماری تنصیبات کو ہونے والے نقصان کا حتمی اندازہ نہیں ہے اور یہ اس بات پر منحصر ہے کہ ہم انہیں کس طرح دوبارہ تعمیر کرنے کا فیصلہ کرتے ہیں، یا آیا ہم انہیں دوبارہ تعمیر بھی کرتے ہیں یا نہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ہمارے شراکت دار بھی اس تعمیراتی کام میں کچھ حصہ ڈال سکتے ہیں، اس لیے ہمارے پاس ابھی یہ واضح اندازہ نہیں ہے کہ ان سہولیات کو دوبارہ بحال کرنے میں کتنی لاگت آئے گی۔امریکا اور ایران کے درمیان جنگ بندی سے پہلے خطے میں موجود امریکی افواج اور تنصیبات کو ایرانی ڈرونز اور میزائلوں کے ذریعے بار بار نشانہ بنایا گیا۔ ہرسٹ نے کہا کہ ان تنصیبات کی مرمت کیلئے تعمیراتی فنڈز کی کوئی بھی درخواست بعد میں الگ سے پیش کی جائے گی۔