پاکپتن: پسند کی شادی پر دولہا قتل، دلہن کے ہاتھ پائوں توڑ دیئے گئے
نواحی چک سیدو پپلی شاہ کھگہ میں سسرالیوں نے اسلام شاہ کو کلہاڑیوں کے وارسے موت کے گھاٹ اتاردیا اسلام پیپلز یوتھ کا رہنما تھا، والدہ اور والد بھی شدید زخمی،ہسپتال منتقل،مقدمہ درج ،تحقیقات جاری :پولیس
پاکپتن(خبرنگار)پاکپتن میں پسند کی شادی جرم بن گئی ، سسرالیوں نے دولہا کو کلہاڑیوں کے وار کرکے بے دردی سے قتل کر دیا جبکہ دلہن کے ہاتھ اورپائوں توڑ دئیے گئے ۔ نواحی چک سیدو پپلی شاہ کھگہ پیر غنی روڈ پر پسند کی شادی کا تنازع شدت اختیار کر گیا،کلہاڑیوں کے وار سے دولہا اسلام شاہ ولد رفیق شاہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگیااس دوران وحشیانہ تشدد، فائرنگ اور تیز دھار آلے کے وارسے 3 افراد زخمی ہوگئے ۔ زخمیوں میں مقتول اسلام شاہ کے والد رفیق شاہ ،والدہ امینہ اور بیوی انیلہ بی بی شامل ہیں ۔تمام زخمیوں کو ریسکیو کی ٹیم نے ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈی ایچ کیو ہسپتال پاکپتن منتقل کر دیا۔ پولیس ذرائع کے مطابق مقتول نے چار ماہ قبل پسند کی شادی کی تھی ، مقدمہ درج کرکے واقعہ کی تحقیقات جاری ہیں۔ مقتول اسلام پیپلز یوتھ تحصیل کا صدر تھا ،پیپلز پارٹی ساہیوال ڈویژن کے جنرل سیکرٹری میاں ہمایوں سرور بودلہ نے اسلام شاہ کھگہ کے قتل کی شدید مذمت کی ہے اوروزیرا علیٰ پنجاب مریم نواز شریف ،گورنر پنجاب سردار سلیم حیدر سے نوٹس لینے کا مطالبہ کیا ہے ۔