مبینہ چوروں کی گاڑی کو حادثہ،2خواتین سمیت 3 جاں بحق
پاکپتن میں پولیس تعاقب پربکرا چوروں کی گاڑی رکشہ سے ٹکرا کر الٹ گئی 11زخمی،مبینہ گینگ کی 2خواتین گرفتار، چیچہ وطنی میں 2نوجوان دم توڑ گئے
پاکپتن،چیچہ وطنی(خبرنگار،نمائندگان دنیا،سٹی رپور ٹر)بکرے چوری کرکے فرار ہونیوالے مبینہ گینگ کی گاڑی راہگیروں کو کچلنے اور رکشہ سے ٹکرانے کے بعد اُلٹ گئی ،کمسن بچی اور 2 راہگیر خواتین جاں بحق ،11 افراد شدید زخمی ہو گئے ،دوسری طرف چیچہ وطنی میں تیز رفتار دو موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا نے سے 2 نوجوان جاں بحق ، 2 خواتین سمیت 5 افرادشدید زخمی ہوگئے ۔پاکپتن کے نواحی علاقے میں فیملی کا روپ دھار کر آنے والے کار سوار5 ملزموں نے فلک شیر نامی شخص کے گھر کے باہر بندھے بکر ے زبردستی گاڑی میں لوڈ کئے اور فرار ہوگئے ، اطلاع ملتے ہی ہائی وے پٹرولنگ پولیس نے تعاقب شروع کیا تو ملزموں نے گرفتاری سے بچنے کیلئے 19 ایس پی گوگیرہ روڈ پر گاڑی کی رفتار بڑھا دی ۔ سسل چوک میں کار بے قابو ہو کر سامنے سے آنے والے رکشہ اور راہگیروں سے ٹکرا کر الٹ گئی،
جس کے نتیجے میں کار سوار ایک کمسن بچی اور 2 راہگیر خاتون موقع پر دم توڑ گئیں جبکہ 11 افراد شدید زخمی ہوگئے ۔ پولیس نے گاڑی اور مال تحویل میں لے کرمبینہ گینگ کی 2 خواتین کو گرفتا کر لیا جبکہ ان کے 2 ساتھی فرارہو گئے ۔ پولیس نے ناکہ بندی کرکے سرچ آپریشن شروع کر دیا ۔ چیچہ وطنی میں 6 والا پھاٹک اڈا کھوئیاں روڈ پر چک نمبر 182 نائن ایل کے قریب تیز رفتاری کے باعث دو موٹرسائیکل آپس میں ٹکرا گئے جس کے نتیجہ میں 2 نوجوان موقع پر ہی جاں بحق جبکہ خاتون سمیت 2 افراد شدید زخمی ہو گئے ۔