سندر:5سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

سندر:5سالہ بچہ کھلے مین ہول میں گر کر جاں بحق

حسن گھر کے باہر کھیلتے گٹر میں گر ا ،تلاش پر تین سو فٹ دوردوسرے گٹر سے ملا

لاہور(کرائم رپورٹر)لاہور کے علاقہ سندر میں کھلے مین ہول میں گرنے سے 5سالہ بچہ جاں بحق ہو گیا۔ رانا ٹاؤن میں حسن گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ کھلے مین ہول میں گر گیا۔اہلِ محلہ نے اپنی مدد آپ کے تحت تلاش کرتے ہوے اڑھائی تین سو فٹ دور دوسرے گٹر سے بچے کو تشویشناک حالت میں باہر نکالا اور ہسپتال منتقل کیا، تاہم بچہ جانبر نہ ہو سکا ۔بچے کی ہلاکت پر اسکے گھر میں کہرام مچ گیا اور ماں پر غشی کے دورے پڑنے لگے ۔اطلاع ملنے پر پولیس نے موقع پر پہنچ کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دیں۔ایس پی صدر ڈویژن شاہ رخ خان نے جائے وقوعہ کا دورہ کیا اورجاں بحق حسن کے اہلخانہ سے اظہارتعزیت کیا۔ایس پی صدر کا کہنا تھا کہ اہلخانہ کی درخواست ملنے پر قانونی کارروائی کا آغاز کر دیا گیا ہے ،واقعہ کے تمام پہلوؤں سے تحقیقات کی جا رہی ہیں۔ بچے کی ہلاکت کے ذمہ داروں کا تعین کر رہے ہیں۔غفلت یا کوتاہی کے ذمہ دار عناصرکیخلاف قانون کے مطابق کارروائی ہوگی۔متاثرہ خاندان کو ہر صورت انصاف فراہم کرینگے ۔دوسری جانب وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز نے سندر میں مین ہول میں گر کر بچے کے جاں بحق ہونے کا نوٹس لیا ہے ۔وزیراعلیٰ نے متعلقہ حکام سے افسوسناک واقعے کی رپورٹ طلب کرلی ہے ۔وزیراعلی نے سوگوار خاندان سے اظہار ہمدردی بھی کیا ہے ۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں