پنجاب: 3ہزار کانسٹیبلز و لیڈی کانسٹیبلز بھرتی کرنے کا فیصلہ
بھرتیاں ضلعی ، ٹریفک اور ہائی وے پٹرول اور دیگر یونٹس کیلئے کی جائینگی آخری بھرتیاں سابق آئی جی ڈاکٹر عثمان انور کے دور میں کی گئیں :ذرائع
لاہور (کرائم رپورٹر) پنجاب پولیس نے مختلف شعبوں میں 3 ہزار کانسٹیبلز اور لیڈی کانسٹیبلز بھرتی کرنے کا فیصلہ کر لیا ہے ۔پولیس حکام کے مطابق ہر سال ریٹائرمنٹ اور دیگر وجوہات کی بنا پر خالی ہونے والی اسامیوں کو پُر کرنے کے لیے نئی بھرتیاں کی جائیں گی۔ یہ بھرتیاں ضلعی پولیس، ٹریفک پولیس، پنجاب ہائی وے پٹرول (PHP) سمیت دیگر یونٹس کے لیے کی جائیں گی۔حکام کا کہنا ہے کہ کانسٹیبلز کی خالی اسامیوں پر بھرتیوں کے لیے سمری حکومتِ پنجاب کو ارسال کر دی گئی ہے ۔ حکومت کی منظوری ملنے کے بعد بھرتی کے عمل کا باقاعدہ آغاز کیا جائے گا۔پولیس ذرائع کے مطابق کانسٹیبلز کی بڑی تعداد میں آخری بھرتیاں سابق آئی جی پنجاب ڈاکٹر عثمان انور کے دور میں کی گئی تھیں، جن کے تحت 10 ہزار سے زائد خالی اسامیوں پر تقرریاں عمل میں لائی گئی تھیں۔حکام کا مزید کہنا ہے کہ نئی بھرتیوں کا مقصد پولیس فورس کی افرادی قوت میں اضافہ کرنا اور عوام کو بہتر سکیورٹی اور پولیسنگ کی سہولیات فراہم کرنا ہے ۔