جیکب آباد:نہروں، کھلے مین ہول میں گرکر3بچے جاں بحق

جیکب آباد:نہروں، کھلے مین ہول میں گرکر3بچے جاں بحق

سونیا کھلے مین ہول، 8 سالہ ویراں رندواہی، ابراہیم دھیرن واہ میں گرے حیدر آباد میں گزشتہ روز دریا میں ڈوبنے والے 3 نوجوانوں کی تلاش جاری

جیکب آباد، حیدر آباد (نمائندگان دنیا)جیکب آباد شہر میں 2 کمسن بچے نہر اور ایک گٹر میں ڈوب کر جاں بحق ہوگئے ، جبکہ حیدر آباد میں ڈوبنے والے نوجوانوں کی تلاش جاری ہے ۔ جیکب آباد کی مسلم کالونی کی 8 سالہ ویراں چاچڑ گھر سے دکان پر چیز لینے نکلی کہ رندواہی نہر کے قریب پاؤں پھسلنے سے پانی میں جاگری اور ڈوب گئی، دوسرے واقعے میں نئی واٹر سپلائی کے قریب دھیرن واہ میں 4 سالہ ابراہیم جکھرانی کھیلتے ہوئے نہر میں جاگرا، ورثاء کے مطابق بچہ گھر کے باہر کھیل رہا تھا کہ اچانک دھیرن واہ میں گرگیا، پولیس کے مطابق دونوں بچوں کی لاشیں نہروں سے نکال کر سول اسپتال منتقل کی گئیں، میونسپل کمیٹی کے قریب ایک معصوم بچی سونیا گٹر میں گرکر فوت ہوگئی، بچوں کی میتیں گھروں میں پہنچنے پر علاقے میں کہرام مچ گیا۔

دریں اثنا حیدر آباد میں گزشتہ روز  دریائے سندھ میں نہاتے ہوئے 3نوجوان ڈوب گئے تھے ۔ تینوں نوجوان حیدرآباد کے تعلقہ لطیف آباد کے رہائشی ہیں۔اطلاع ملنے پر ریسکیو ٹیموں نے کشتی اور اسکوبا ڈائیونگ کی مدد سے تینوں لڑکوں کی تلاش کیلئے سرچ آپریشن شروع کیا۔ تاہم گزشتہ رات کم روشنی اور حدِ نگاہ انتہائی کم ہونے کے باعث آپریشن عارضی طور پر معطل کردیا گیا تھا۔ریسکیو حکام کے مطابق صبح ہوتے ہی تینوں ڈوبنے والے نوجوانوں کی تلاش کا آپریشن دوبارہ شروع کردیا گیا۔ حکام کا کہنا ہے کہ تینوں لڑکوں کے کپڑے اور چپلیں دریائے سندھ کے کنارے موجود ہیں۔ دریا کنارے موجود افراد نے نوجوانوں کو ڈوبتے دیکھ کر ریسکیو ٹیم کو اطلاع دی تھی، جس کے بعد فوری طور پر امدادی کارروائیاں شروع کی گئیں۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...