غیرت کے نام پر بہن کے قتل کا الزام، بھائی کیخلاف مقدمہ
جاوید نے بہن کو گلا دبا کر قتل کیا،شدید گرمی سے موت قرار دیکرتدفین کر دی
لالیاں (نمائندہ دنیا ) لالیاں کے نواحی علاقے میں مبینہ طور پر غیرت کے نام پر 17 سالہ لڑکی کو قتل کرنے کے الزام میں اس کے بھائی کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے ، جبکہ پولیس نے واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔نواحی گاؤں جبانہ کے رہائشی ظفر عباس نے پولیس کو دی گئی درخواست میں مؤقف اختیار کیا کہ اس کی 17 سالہ بیٹی تنزیلہ کی موت کے حوالے سے ابتدا میں اسے بتایا گیا کہ شدید گرمی کے باعث اس کی طبیعت اچانک خراب ہوئی اور وہ انتقال کر گئی، جس کے بعد اس کی تدفین کر دی گئی۔بعد ازاں اہل علاقہ کی جانب سے مختلف باتیں سامنے آنے پر ظفر عباس کو اپنی بیٹی کی موت کے حوالے سے شبہ ہوا، جس پر اس نے گھر والوں سے واقعہ کی بابت معلومات حاصل کیں۔ مدعی کے مطابق اسے معلوم ہوا کہ اس کے بیٹے جاوید نے مبینہ طور پر اپنی بہن کو گلا دبا کر قتل کیا۔مدعی کے مطابق ملزم نے مبینہ طور پر اپنی بہن کے کردار سے متعلق اعتراضات کا اظہار کرتے ہوئے اسے قتل کرنے کا اعتراف کیا۔حقائق سامنے آنے کے بعد مقتولہ کے والد ظفر عباس کی مدعیت میں تھانہ لالیاں پولیس نے ملزم جاوید کے خلاف مقدمہ درج کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments