کنگن پور :زہریلی کھیر سے باپ اور مزید 2بیٹے جاں بحق

کنگن پور :زہریلی کھیر سے باپ اور مزید 2بیٹے جاں بحق

گھر میں پکائی کھیر کھاکر 1بیٹے ناظم نے دم توڑا تھا، ماں کی حالت تشویشناک جان ہارنے والوں میں باپ قاسم، 28اور 15سالہ بیٹے آصف، امانت شامل

قصور، الہ آباد، تلونڈی(نمائندگان دنیا، خبرنگار، نامہ نگار ) چونیاں کے علاقہ کنگن پور کے موضع محمود خا نیکے میں گھر میں پکائی زہریلی کھیر کھانے سے 1نوجوان بیٹے کی ہلاکت کے اگلے روز ہسپتال میں زیرعلاج باپ اور مزید 2بیٹے بھی جاں بحق ہوگئے ، واقعہ میں ہلاکتوں کی تعداد 4ہوگئی، جبکہ ماں کی حالت بھی تشویشناک بتائی جاتی ہے ۔مبینہ طور پر چھپکلی گرنے کے باعث کھیر زہریلی ہونے کا شبہ ظاہر کیا جا رہا ہے ۔ایک ہی خاندان کے 4افراد کی ہلاکت کا صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے نوٹس لیکر ڈپٹی کمشنر قصور سے رپورٹ طلب کرلی۔ تفصیلات کے مطابق موضع محمود خا نیکے میں تین روزقبل قاسم کی بیوی حسنہ بی بی نے گھر میں کھیر بنائی، جسے کھاتے ہی 3بیٹوں 25 سالہ ناظم علی، 28سالہ آصف ، 15سالہ امانت، 48سالہ باپ قاسم اور خود اسکی بیوی حسنہ بی بی کی حالت غیر ہوگئی۔

پانچوں متاثرہ افراد کو علاج کیلئے لاہور کے جنرل ہسپتال منتقل کیا گیا، تاہم25 سالہ ناظم علی ہسپتال پہنچتے ہی دم توڑ گیا ۔اس سے اگلے روز بدھ کو زیر علاج باپ قاسم اور اس کے مزید دو بیٹے آصف اور عمران بھی جان کی بازی ہار گئے ۔ بچوں کی والدہ حسنہ بی بی تشویشناک حالت میں جنرل ہسپتال لاہور میں زیر علاج ہے ۔ صوبائی وزیر قانون رانا محمد اقبال خان نے کہا ہے کہ ایک ہی خاندان کے 4 افراد کی ہلاکت انتہائی افسوسناک سانحہ ہے ، دکھ کی گھڑی میں غمزدہ خاندان کے ساتھ ہیں۔ذرائع کے مطابق کھیر کھانے کے کچھ دیر بعد ہی تمام افراد کی طبیعت خراب ہو گئی تھی، یہ بھی کہا جا رہا ہے کہ کھیر میں چھپکلی گر گئی تھی، جس سے وہ زہریلی ہو گئی تھی۔پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کر دی ہے ، جبکہ کھیر کے نمونے لے کر اس کی جانچ کا عمل شروع کر دیا گیا ہے تاکہ واقعے کی اصل وجہ معلوم کی جا سکے ۔

 

 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...