سیالکوٹ :ٹک ٹاکر کی مہندی میں بھگدڑ، 1جاں بحق،18زخمی
انعامات کیلئے لوگ بڑی تعداد میں جمع تھے ، سٹیڈیم کا گیٹ کھلنے پر بھگدڑ مچ گئی مسٹر پتلو سمیت 9نامزد،45نامعلوم افراد پرمقدمہ، 6گرفتار،ترجمان پولیس
سیالکوٹ (نمائندہ دنیا )تھانہ موترہ کے علاقے ڈسکہ روڈ پر واقع فراز سپورٹس اسٹیڈیم میں معروف ٹک ٹاکر عنصر جٹ المعروف مسٹر پتلو کی مہندی کے موقع پر انعامات کی تقسیم کی تقریب میں اچانک بھگدڑ مچنے سے ایک شخص جاں بحق جبکہ 18 افراد زخمی ہوگئے ۔ تفصیلات کے مطابق تقریب میں شرکت اور انعامات کے حصول کے لیے بڑی تعداد میں لوگ سٹیڈیم کے باہر جمع تھے کہ گیٹ مقررہ وقت سے پہلے کھلنے کے باعث اچانک بھگدڑ مچ گئی، جس کے نتیجے میں 14 افراد زخمی و متاثر ہوئے ۔ اطلاع ملتے ہی ریسکیو 1122 نے تمام متاثرین کو فوری طور پر علامہ اقبال میموریل ٹیچنگ ہسپتال سیالکوٹ منتقل کیا جہاں 30 سالہ عقیل دم توڑ گیا۔ دیگر متاثرین میں ریحان، رفیق، علی، اعظم، یاسر، منور علی، ارشد، رشید، سرفراز، محمد دانش، ریحانہ، ذوالفقار اور علی شامل ہیں، جن کا تعلق گوجرانوالہ، خانیوال، ننکانہ صاحب، ظفروال، بھمبر، شیخوپورہ، ڈسکہ اور سیالکوٹ سمیت مختلف علاقوں سے ہے ۔
سیالکوٹ پولیس کے ترجمان کے مطابق مسٹر پتلو سمیت 9 نامزد اور 40 سے 45 نامعلوم افراد کے خلاف تھانہ موترہ میں پولیس کی مدعیت میں مقدمہ درج کرکے 6 ملزموں کو گرفتارکرلیا گیا دیگر کی گرفتاری کے لیے چھاپے جاری ہیں ۔پولیس کے مطابق تقریب کے منتظمین پر حفاظتی ایس او پیز اور اجازت نامے کی شرائط کی خلاف ورزی کے الزامات ہیں۔ واقعے کی اطلاع ملتے ہی ڈی پی او کیپٹن (ر)دوست محمد خود موقع پر پہنچے ۔ ڈی پی او نے کہا شہریوں کی جان و مال سے کھیلنے والوں کو قانون کے کٹہرے میں لائیں گے ، حفاظتی انتظامات میں غفلت کسی صورت برداشت نہیں کی جائے گی۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments