پھالیہ:پسند کی شادی نہ ہونے پرلڑکی قتل ،ملزم کی خودکشی
محسن نے رشتہ کہیں اور ہونے پر روبینہ کو گولیاں ماریں ،3 روز بعد شادی تھی واقعہ کے بعد ملزم فرار ،پو لیس نے گرفتاری کیلئے محاصرہ کیا تو خود کو گولی مار لی
پھالیہ(نامہ نگار )پھالیہ میں رشتہ کسی اور سے طے ہونے پر نوجوان نے شادی سے 3 روز قبل لڑکی کو فائرنگ کرکے قتل کر دیا اور گرفتاری کے خوف سے پولیس محاصرے کے دوران خود کشی کر لی ۔ نواحی گاؤں لوکڑی کے رہائشی نواز کی بیٹی روبینہ والد اور کم عمر بھائی کے ہمراہ قادر آباد \بازار میں واقع غوثیہ کلاتھ ہاؤس پر شادی کی خریداری میں مصروف تھی کہ قادر آباد کا رہائشی محسن عباس مبینہ طور پر دکان میں داخل ہوا اور فائرنگ کر دی جس کے نتیجے میں 25 سالہ روبینہ موقع پر ہی جاں بحق ہوگئی۔ ابتدائی اطلاعات کے مطابق ملزم محسن عباس مقتولہ سے شادی کا خواہش مند تھا اور مبینہ طور پر اس کی سابق منگنی بھی تڑوا چکا تھا، تاہم بعدازاں مقتولہ کے اہلخانہ نے اس کی شادی قریبی گاؤں میں طے کر دی تھی اور رواں ہفتے بارات آنے والی تھی۔ اطلاع پر پو لیس موقع پر پہنچ گئی اور لاش پوسٹمارٹم کیلئے ہسپتال منتقل کر دی گئی ۔بعدازاں پولیس نے جدید ٹیکنالوجی اور سی سی ٹی وی کی مدد سے صرف 2 گھنٹے میں ملزم کو سیٹلائٹ ٹاؤن میں ٹریس کر لیا۔ پولیس کے مطابق ملزم کی موجودگی کا سراغ ملنے پر ٹیم نے علاقے کا محاصرہ کیا تو ملزم نے گرفتاری سے بچنے کیلئے خود کو گولی مار لی جس سے وہ موقع پر ہی ہلاک ہو گیا ۔
Comments / رائے دیں
Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.
Approved Comments