سلنڈر پھٹنے، چھت گرنے سے زخمی ماں بیٹا دم توڑ گئے

 سلنڈر پھٹنے، چھت گرنے سے زخمی ماں بیٹا دم توڑ گئے

32سالہ مہک،10سالہ الیان شامل، علی، فاطمہ کی حالت تشویشناک

شیخوپورہ، مرید کے (نمائندہ دنیا) جی ٹی روڈ کی آبادی قلعہ مسیتا میں گیس سلنڈر پھٹنے کے نتیجہ میں مکان کی چھت گرنے کے باعث شدید مضروب ہونے والے ماں بیٹا دم توڑ گئے جبکہ متوفیہ کے دو کم سن بچوں کی حالت بدستور تشویش ناک ہے۔ پولیس ذرائع کے مطابق چھ روز قبل بیرون ملک گئے ہوئے محنت کش فرخ کے گھر میں لوڈشیڈنگ کی وجہ سے سوئی گیس کی سپلائی بند ہو جانے پر اس کی اہلیہ 32 سالہ مہک فرخ گیس سلنڈر جلا کر اپنے بچوں کے لئے کھانا بنا رہی تھی جہاں گیس سلنڈر زوردار دھماکے سے پھٹ گیا اور اس کے مکان کی چھت بھی زمین بوس ہو گئی جس کے نتیجہ میں محنت کش کی بیوی اور تین بچے بری طرح جھلسنے کے بعد ملبے تلے دب کر شدید زخمی ہو گئے تھے جن کو ریسکیو کی ٹیموں نے میو ہسپتال لاہور منتقل کیا۔ دو ہمسایوں کے مکانوں کو بھی شدید نقصان پہنچا تھا ۔ چھ روز موت و حیات کی کشمکش میں مبتلاء رہنے کے بعد محنت کش فرخ کی بیوی 32 سالہ مہک فرخ اور اور اس کا 10 سالہ بیٹا علیان زخموں کی تاب نہ لاتے ہوئے دم توڑ گئے جبکہ پانچ سالہ بیٹے علی بادشاہ اور 10 سالہ بیٹی فاطمہ فرخ کی حالت بدستور تشویش ناک ہے ۔ ماں بیٹے کی لاشوں کو لاہور میں اسکے میکے گھر پہنچا دیا گیا۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں

Comments / رائے دیں

Share your thoughts. Comments are reviewed before they appear publicly.

Your comment will remain hidden until approved by admin.

Approved Comments

Loading comments...