جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں کے خلاف آپریشن ،87پکڑے گئے

ملتان:(دنیا نیوز) جنوبی پنجاب میں بجلی چوروں اور نادہندگان کے خلاف آپریشن میں 87 افراد بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے۔

میپکو کی رپورٹ کے مطابق پاکپتن، سٹی چیچہ وطنی، سول لائنز سب ڈویژن ،ساہیوال کے علاقوں میں 2 ٹیوب ویلوں سمیت 5 افراد ڈائریکٹ تاروں سے بجلی چوری کرتے ہوئے پکڑے گئے، بجلی چوروں کے خلاف مختلف پولیس سٹیشنز میں 61 نئے مقدمات کا اندراج اور ایک روز میں 47 لاکھ 77 ہزار روپے جرمانہ عائد کیا گیا۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ ڈی جی خان اور ساہیوال میں میپکو ٹیموں کو ریکوری کے دوران مزاحمت اور مار پیٹ کا سامنا کرنا پڑا جبکہ ایک اہلکار کو لہولہان کر دیا گیا۔

میپکو کا کہنا تھا کہ ملتان سرکل کی علی پور سادات، سکندر آباد اور جلال پور پیر والہ سب ڈویژنوں کے مختلف علاقوں میں نادہندہ زرعی صارفین کے خلاف آپریشن کرکے 25لاکھ روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 12 ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع ،نادہندہ رننگ اور ڈیڈ ڈیفالٹرز سے ایک روز میں 2 کروڑ 89 لاکھ روپے وصول کئے گئے۔

اس طرح چوک بہادرپور سب ڈویژن رحیم یار خان کی ٹیم نے 10 لاکھ 98 ہزارروپے واجبات کے نادہندہ زرعی ٹیوب ویل صارف کی بجلی منقطع کردی ، بہاولپور سرکل کی مبارک پور، عباسیہ، خانقاہ شریف، دنیا پور اور سوئی والا لودھراں میں 35 لاکھ روپے سے زائد واجبات کی عدم ادائیگی پر 22 زرعی صارفین کے کنکشنز کاٹ دیئے۔

رپورٹ میں بتایا گیا کہ شادن لنڈ سب ڈویژن کی ٹیم کو 10 لاکھ روپے واجبات کے نادہندہ کاشتکار کی بجلی منقطع کرنے پر شدید مزاحمت کا سامنا کرنا پڑا ، میپکو عملہ نے بجلی بل کی ادائیگی نہ کرنے پر کنکشن منقطع کر کے ٹرانسفارمر اتار لیا، خانیوال میں 11 لاکھ 29 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر ایک ٹیوب ویل کا کنکشن منقطع کیا گیا ۔

ساہیوال کی ملتان روڈ سب ڈویژن کے علاقہ میں نادہندہ صارف نے بل ادا کرنے کے بجائے میپکو اہلکار پر حملہ کر دیا اور اے ایل ایم محمد اعجاز کا سر پھاڑ دیا، ملزم کے خلاف کارسرکار میں مداخلت کا مقدمہ درج کرا دیا گیا۔

علاوہ ازیں الفرید پاکپتن سب ڈویژن کی ٹیموں نے 9 لاکھ 62 ہزار روپے واجبات کی عدم ادائیگی پر 4 ٹیوب ویلوں کی بجلی منقطع کر دی ،تمام ٹیوب ویلوں کے ٹرانسفارمرز اور میٹرز اُتار لئے گئے۔

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں