سموگ میں کمی: ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار تبدیل، نوٹیفکیشن جاری
لاہور: (دنیا نیوز) صوبائی دار الحکومت سمیت پنجاب بھر میں سموگ کی شدت کم ہونے پر ہوٹلز اور ریسٹورنٹس کے اوقات کار میں ردو بدل کر دیا گیا۔
تمام ہوٹلز، ریسٹورنٹس اور فوڈ آؤٹ لیٹس کو رات 10 بجے تک کھلا رکھنے کی اجازت دے دی گئی، محکمہ ماحولیات نے اوقات کار تبدیل کرنے کا نوٹیفکیشن جاری کر دیا۔
نوٹیفکیشن کے مطابق ہوٹلز اور ریسٹورنٹس میں ڈائن اِن، پارکنگ میں کھانے اور ٹیک اوے کی سہولت رات 10 بجے تک دستیاب ہوگی، ہوم ڈلیوری خدمات پر کسی قسم کی کوئی پابندی نہیں ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: سموگ میں کمی: لاہور، ملتان کے علاوہ تمام اضلاع میں تعلیمی ادارے کل سے کھلیں گے
محکمہ ماحولیات پنجاب کے مطابق پنجاب میں بارش، ہوا کی رفتار اور سمت میں تبدیلی کے باعث ماحولیاتی کیفیت میں بہتری آئی ہے، 15 نومبر کے حکم نامے کے تحت عائد پابندیوں میں نظرثانی کی گئی ہے۔
نوٹیفکیشن کے مطابق تمام ڈویژنل کمشنرز اور ڈپٹی کمشنرز کو پابندیوں میں نرمی پر عمل درآمد یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی ہے، سموگ وار روم، ای پی اے نے اوقات کار کے نئے شیڈول پر عمل درآمد کے لیے اقدامات شروع کر دیئے ہیں۔