نومبر 2025 میں پاکستان کو 3.2 ارب ڈالر کی ترسیلات موصول
کراچی: (دنیا نیوز) سٹیٹ بینک آف پاکستان نے بیرون ملک مقیم پاکستانیوں کی جانب سے بھیجی گئی ترسیلات زر کے تازہ اعدادوشمار جاری کر دیئے
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق پاکستان کو موصول ہونے والی ترسیلات زر ماہ نومبر میں 3 ارب 20 کروڑ ڈالر رہی۔
رپورٹ میں بتایا گیا کہ بیرون ملک مقیم پاکستانیوں سے موصول ملکی ترسیلات زر ایک سال میں9.4فیصد بڑھی، مالی سال 26-2025 کے پہلے پانچ مہینوں میں ترسیلات زر کا مجموعی حجم 9.3 فیصد اضافے کے ساتھ 16 ارب 10 کروڑ ڈالر رہا، جبکہ پہلے چار مہینوں میں یہ حجم 14 ارب 80 کروڑ ڈالر تھا۔
سٹیٹ بینک کی رپورٹ کے مطابق سعودی عرب سے ترسیلات زر کی مد میں 75 کروڑ 30 لاکھ ڈالر، متحدہ عرب امارات سے 67 کروڑ 50 لاکھ ڈالر، برطانیہ سے 48 کروڑ 11 لاکھ ڈالر جبکہ امریکا سے 27 کروڑ 71 لاکھ ڈالر موصول ہوئے۔
معاشی ماہرین کے مطابق ترسیلات زر میں مسلسل اضافہ پاکستان کے بیرونی کھاتوں پر مثبت اثر ڈالے گا اور مالی استحکام میں مددگار ثابت ہوگا۔