بجلی کے ٹیرف میں کمی حکومت کا احسن اقدام ہے: ایس ایم تنویر
لاہور: (دنیا نیوز) فیڈریشن آف پاکستان چیمبرز آف کامرس اینڈ انڈسٹری (ایف پی سی سی آئی) کے رہنما ایس ایم تنویر نے صنعتوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کمی کو حکومت کا احسن اقدام قرار دے دیا۔
رہنما ایف پی سی سی آئی نے کہا کہ یہ فیصلہ ملکی برآمدات میں اضافے کا سبب بنے گا، وزیر اعظم نے برآمدات کے اضافے کے لئے گیم چینجنگ فیصلے کئے ہیں۔
انہوں نے کہا کہ ڈاکٹر گوہر اعجاز، صدر ایف پی سی سی آئی اور پوری بزنس کمیونٹی کو مبارکباد پیش کرتا ہوں، اس اقدام سے پاکستان اپنی برآمدات 2030 تک 109 ارب ڈالر تک لے جا سکتا ہے۔
واضح رہے کہ آج وفاقی دارالحکومت میں ملک کے نامور ایکسپورٹرز اورکاروباری شخصیات کے اعزاز میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم شہباز شریف نے صنعتوں کیلئے بجلی کے ٹیرف میں 4 روپے 4 پیسے کمی کا اعلان کیا ہے۔
اس موقع پر وزیراعظم کا کہنا تھا کہ میرا بس چلے تو ٹیرف مزید 10 روپے کم کر دوں، لیکن میرے ہاتھ بندھے ہیں، انہوں نے ایکسپورٹرز کیلئے ٹیکس ساڑھے 7 سے کم کر کے ساڑھے4 فیصد کرنے کا بھی اعلان کیا۔