عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی
لندن: (دنیا نیوز) امریکا اور ایران کے درمیان ممکنہ تصادم کے پیش نظر عالمی مارکیٹ میں خام تیل کی قیمت 5 ماہ کی بلند ترین سطح پر پہنچ گئی۔
خبر ایجنسی کے مطابق ایران پر امریکی حملے کے خدشات کے باعث خام تیل کی قیمتوں میں 4 فیصد اضافہ ریکارڈ کیا گیا، برطانوی برینٹ 2.50 ڈالر کے اضافہ سے 70.90 ڈالر فی بیرل پر پہنچ گیا ہے۔
خیال رہے عالمی مارکیٹ میں کام تیل کی قیمت میں اضافے کا اثر پاکستان پر بھی پڑنے کا امکان ہے، ملک میں پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں یکم فروری سے بڑے اضافے کی توقع ہے۔
ذرائع کے مطابق ہائی سپیڈ ڈیزل کی قیمت 9 روپے 47 پیسے فی لیٹر اور لائٹ ڈیزل آئل کی قیمت میں 6 روپے 95 پیسے فی لیٹر اضافے کا امکان ہے، جبکہ مٹی کے تیل کی قیمت میں 3 روپے 69 پیسے فی لیٹر اضافہ متوقع ہے، پٹرول کی قیمت میں 36 پیسے فی لیٹر کمی کا امکان ہے۔
انڈسٹری ذرائع نے بتایا کہ اوگرا 30 جنوری کو ورکنگ پٹرولیم ڈویژن کو بھجوائے گا، وزارت خزانہ پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں کا حتمی فیصلہ وزیراعظم کی مشاورت سے کرے گی۔