تحریک انصاف عمران خان کی صحت کیلئے فکرمند ہے: سلمان اکرم راجہ
اسلام آباد: (دنیا نیوز) پی ٹی آئی کے سینئر رہنما سلمان اکرم راجہ نے کہاکہ تحریک انصاف بانی پی ٹی آئی کی صحت کیلئے فکرمند ہے۔
سلمان اکرم راجہ نے کہا کہ معاملہ اب سیاست کا نہیں صحت کا ہے، رات کی تاریکی میں ہسپتال لے جانا اور خاندان کو اطلاع نہ دینا ناقابل قبول ہے، شوکت خانم کے ڈاکٹرز کو بانی پی ٹی آئی سے ملنے دیا جائے۔
انہوں نے مزید کہا کہ ڈاکٹرز صرف طبی معاملات پر بات کریں گے، ہماری جدوجہد پرامن، آئینی اور انسانیت کیلئے ہے۔
واضح رہے کہ وفاقی وزیر اطلاعات و نشریات عطاء اللہ تارڑ نے بانی پی ٹی آئی عمران خان کی صحت سے متعلق خبروں کی وضاحت کرتے ہوئے کہا تھا کہ بانی پی ٹی آئی عمران خان بالکل تندرست ہیں، ہفتے کی رات ان کا پمز میں معمول کا طبی معائنہ ہوا، ماہرین نے کہا بانی کو پمز لے جانا ضروری ہے، طبی ماہرین کی ہدایت پر بانی پی ٹی آئی کو پمز لے جایا گیا۔
انہوں نے کہا تھا کہ آنکھوں کے طبی ماہرین نے بانی کا اڈیالہ جیل میں معائنہ کیا، عمران خان کا پمز میں 20 منٹ تک آنکھوں کا معائنہ کیا گیا۔
وفاقی وزیر کا کہنا تھا کہ بانی پی ٹی آئی کی تحریری رضا مندی کے بعد تمام کارروائی ہوئی، وہ بالکل تندرست ہیں، ان کی رضا مندی کے بعد ہی واپس اڈیالہ منتقل کر دیا گیا، تمام قیدیوں کو ڈاکٹر تک رسائی کی اجازت دی جاتی ہے۔