کراچی: پسند کی شادی پر بیٹی کو شوہر سمیت قتل کرنے والا باپ ساتھی سمیت گرفتار
کراچی: (دنیا نیوز) کراچی میں غیرت کے نام پر میاں،بیوی کو فائرنگ کرکے قتل کردیا گیا تھا، پولیس نے قتل کی واردات میں ملوث لڑکی کے والد کو اس کے ساتھی سمیت گرفتار کرلیا۔
شہر قائد کے علاقے بھینس کالونی کے مقتول سدھیر نے صائمہ سے دو ماہ قبل کورٹ میرج کی تھی، مقتول کے بھائی سلطان کے مطابق سدھیر اور صائمہ سجاول ٹھٹھہ میں ایک ہی محلے میں رہتے تھے، شادی کے بعد سے بھینس کالونی کراچی میں رہائش پذیر تھے۔
سدھیر اور صائمہ بدھ کی رات شاہ لطیف ٹاؤن سے رشتے داروں کے گھر سے واپس آرہے تھے جہاں بھینس کالونی موڑ کے قریب لڑکی کے والد اور اس کے ساتھیوں نے ان پر اندھا دھند فائرنگ کرکے قتل کردیا تھا۔
پولیس نے فائرنگ واقعہ میں ملوث دو ملزمان کو گرفتار کر لیا، گرفتار ملزموں کی شناخت دیدار اور علی حیدر کے نام سے ہوئی ہے، ملزم دیدار مقتولہ صائمہ کا والد ہے۔
ابتدائی تفتیش کے مطابق ملزمان نے اپنے دیگر ساتھیوں کے ہمراہ غیرت کے نام پر میاں بیوی کو قتل کیا، واقعہ کا مقدمہ تھانہ سکھن میں قتل سمیت دیگر دفعات کے تحت درج کیا گیا تھا، مقدمے میں نامزد دیگر ملزمان کی گرفتاری کے لئے چھاپے مارے جارہے ہیں۔