دُکی کے مال خانے سے چوری شدہ منشیات کے 16 پارسل برآمد
دُکی:(دنیا نیوز) بلوچستان کے صوبے دُکی کے مال خانے سے چوری شدہ منشیات کے 16پارسل برآمد ہوئے۔
پولیس ذرائع کے مطابق منشیات کی برآمدگی کے حوالے سے تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی، چوری شدہ باقی منشیات کی برآمدگی کے لیے کوششیں جاری ہیں، ایڈمنسٹریٹو اینڈ جوڈیشل کمپلیکس میں واقع مال خانے سے 6من سے زائد منشیات چوری ہوئی تھیں۔
ذرائع نے بتایا کہ چوری شدہ منشیات میں 230کلو افیون اور 37کلو چرس شامل تھی، چوری شدہ منشیات کا مقدمہ نامعلوم افراد کے خلاف درج کیا گیا ہے، برآمد شدہ منشیات کے پارسلز کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
پولیس ذرائع کا مزید کہنا تھا کہ یہ دیکھا جائے گا کہ چوری کے بعد کہیں ان میں کوئی اور مواد تو نہیں ڈال دیا گیا۔