این ڈی ایم اے نے متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی
اسلام آباد: (دنیا نیوز) این ڈی ایم اے کے نیشنل ایمرجنسیز آپریشن سینٹر نے 31 جنوری سے 4 فروری کے دوران متوقع موسمی صورتحال کے حوالے سے ایڈوائزری جاری کر دی۔
این ڈی ایم اے کے مطابق پنجاب میں سرد اور خشک موسم متوقع جبکہ مری، گلیات اور پوٹھوہار میں 31 جنوری تا 3 فروری ہلکی بارش اور برفباری کا امکان ہے۔
بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں موسم سرد اور خشک تاہم شمالی و وسطی پہاڑی علاقوں میں 30 جنوری تا یکم فروری ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کا امکان ہے۔
خیبر پختونخوا کے میدانی علاقوں میں سرد اور خشک موسم متوقع ہے، بالائی و شمالی اضلاع میں 30 جنوری تا 3 فروری وقفے وقفے سے ہلکی بارش اور پہاڑی علاقوں میں برفباری کی توقع ہے۔
سندھ میں سرد اور خشک موسم کے باعث دھند کا امکان ہے، گلگت بلتستان اور آزاد کشمیر میں 30 جنوری تا 3 فروری موسم شدید سرد اور ابر آلود رہنے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق 4 فروری تک بالائی علاقوں میں وقفے وقفے سے برفباری اور سردی کی شدت برقرار رہے گی۔
چترال، دیر، کالام، ناران،کاغان، گلگت، ہنزہ اور سکردو میں ممکنہ بارش اور برفباری کے باعث پہاڑی علاقوں میں برفانی تودے گرنے اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ ہے۔
این ڈی ایم اے کے مطابق مظفرآباد، وادی نیلم، مری اور گلیات میں ممکنہ برفباری کے باعث لینڈ سلائیڈ اور سڑکوں پر ٹریفک کی روانی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
این ڈی ایم اے نے این ای او سی تمام صورتحال اور ممکنہ خطرات کی پیشگی آگاہی اور متعلقہ اداروں تک ضروری معلومات کی فراہمی یقینی بنا رہا ہے۔
برفباری کے دوران پہاڑی علاقوں میں سڑکوں پر پھسلن ٹریفک کی روانی متاثر کر سکتی ہے، پہاڑی علاقوں میں سفر کے دوران محتاط رہیں اور حفاظتی تدابیر اپنائیں۔
این ڈی ایم اے کا کہنا ہے کہ پرانے اور کمزور ٹائروں کے ساتھ گاڑی کو پہاڑی علاقوں میں ہر گز نہ لے کر جائیں، پہاڑی علاقوں میں غیر ضروری سفر سے گریز کریں۔
برفباری کے دوران سفر نہایت ضروری ہو تو ضروری سامان بشمول سنو چین اور اضافی فیول وغیرہ کی دستیابی یقینی بنائیں۔
این ڈی ایم اے کے مطابق موسم کے حوالے سے مستند معلومات، ممکنہ خطرات اور حفاظتی تدابیر کے حوالے سے راہنمائی کے لیے پاک این ڈی ایم اے ڈیزاسٹر الرٹ موبائل ایپ کا استعمال کریں۔