میانوالی: سی ٹی ڈی کا چھاپہ، 6 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک

میانوالی: (دنیا نیوز) میانوالی دہشت گردی کی بڑی کارروائی سے بچ گیا، چاپڑی ڈیم کے قریب کاؤنٹر ٹیررازم ڈپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی) اور دہشت گردوں میں فائرنگ کے تبادلے میں 6 دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق سی ٹی ڈی نے دہشت گردوں کی گرفتاری کیلئے انٹیلی جنس بیسڈ کارروائی کی، اسی دوران دہشت گردوں نے سی ٹی ڈی ٹیم پر فائرنگ کردی۔

حکام کا کہنا ہے کہ فائرنگ کے تبادلے میں 6 خطرناک دہشت گرد اپنے ہی ساتھیوں کی فائرنگ سے ہلاک ہوگئے جبکہ 8 دہشت گرد اندھیرے کا فائدہ اٹھاتے ہوئے فرار ہونے میں کامیاب ہوگئے۔

ترجمان سی ٹی ڈی نے بتایا کہ دہشتگردوں سے ایک خودکش جیکٹ، 3 دستی بم، 3 ایس ایم جیز، 200 گولیاں اور بارودی مواد بھی برآمد ہوا ہے۔

سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ہلاک دہشتگردوں کی شناخت کا عمل جاری ہے جبکہ فرار ہونے والے دہشت گردوں کی گرفتاری کے لئے بھی اقدامات کئے جا رہے ہیں۔

ترجمان کے مطابق دہشت گرد پولیس اور دیگر اداروں پر حملے کی منصوبہ بندی مکمل کر چکے تھے۔

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں