آئی ایم ایف ہمارے پاس نہیں آتا، ہم جاتے ہیں، پراپرٹی سیکٹر کو اچھی خبر دیں گے: وزیرِخزانہ
لاہور:(دنیا نیوز) وفاقی وزیرِ خزانہ محمد اورنگزیب نے کہا ہے کہ آئی ایم ایف ہمارے پاس نہیں آتا، ہم جاتے ہیں۔
صوبائی دارالحکومت میں ’پاکستان اقتصادی ترقی اور استحکام پروگرام‘ سے خطاب کرتے ہوئے محمد اورنگزیب کا کہنا تھا کہ معیشت ترقی اور استحکام کی جانب گامزن ہے، ملکی معیشت پر عالمی اداروں کا اعتماد بحال ہو رہا ہے۔
اُنہوں نے کہا کہ زرمبادلہ کے ذخائر میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے، انڈسٹری کے فروغ کیلئے اقدامات جاری ہیں، ٹیکس نیٹ کو وسیع کر رہے ہیں، معیشت کی ڈیجیٹلائزیشن سے شفافیت آئے گی۔
وفاقی وزیرِ خزانہ کا کہنا تھا کہ معاشی نظم و ضبط کیلئے سخت مگر ضروری فیصلے کیے، صنعتکاروں کے مسائل حل کریں گے، گزشتہ سال سیمنٹ کی برآمدات میں اضافہ ہوا، پالیسی ریٹ سنگل ڈیجٹ پر لانے کی کوشش کر رہے ہیں۔
محمد اورنگزیب کا مزید کہنا تھا کہ آئی ایم ایف ہمارے پاس نہیں آتا، ہم جاتے ہیں، پراپرٹی سیکٹر پر کام ہو رہا ہے، اچھی خبر دیں گے۔