شاہینوں کی کیویز کیخلاف فتح، نیدرلینڈز کی سفیر نے بھی گرین شرٹ پہن لی

لاہور:(دنیا نیوز) پاکستان کرکٹ ٹیم کی آخری ٹی 20 میچ میں نیوزی لینڈ کے خلاف فتح پر نیدرلینڈز کی سفیر نے بھی گرین شرٹ پہن لی۔

نیدر لینڈز کی سفیر ہینی ڈی وریس نے پی سی بی ہیڈ کوارٹرز کا دورہ کیا جہاں چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے نیدرلینڈز کی سفیر کا خیرمقدم کیا۔

نیدرلینڈز کی سفیر نے چیئرمین پی سی بی محسن نقوی سے ملاقات کی جس میں باہمی دلچسپی کے امور، کرکٹ اور دوطرفہ تعلقات پر تبادلہ خیال کیا گیا، سفیر نیدرلینڈز نے میچ اور سٹیڈیم کے انتظامات کے بارے اپنے تاثرات چیئرمین پی سی بی سے شیئر کئے اور شاندار انتظامات پر محسن نقوی کو مبارکباد دی۔

اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے نیدر لینڈز کی سفیر ہینی ڈی وریس کا کہنا تھا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کا میچ دیکھا، بہت انجوائے کیا، قذافی سٹیڈیم میں شائقین کرکٹ کا نظم و ضبط دیکھ کر خوشی ہوئی، شائقین کرکٹ کا جوش و خروش دیدنی تھا۔

چیئرمین پی سی بی محسن نقوی نے میچ دیکھنے کے لیے سٹیڈیم آمد پر نیدرلینڈز کی سفیر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ کرکٹ کے کھیل سے پاکستانی قوم خصوصی لگاؤ رکھتی ہے، کرکٹ دلوں کو جوڑنے والا کھیل ہے۔

محسن نقوی کا مزید کہنا تھا کہ پاکستان اور نیوزی لینڈ کے درمیان ٹی 20 سیریز کے بہترین انتظامات پر پی سی بی کی پوری ٹیم مبارکباد کی مستحق ہے، دیگر اداروں نے بھی دن رات محنت سے کام کیا۔ 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں