دورہ جنوبی افریقا: قومی ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے متوقع، اکھاڑ پچھاڑ کا امکان

لاہور: (دنیا نیوز) دورہ جنوبی افریقا کے لیے قومی کرکٹ ٹیم کا اعلان آئندہ ہفتے کیے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کے مطابق قومی ٹیم جنوبی افریقا میں 3 ون ڈے، 3 ٹی 20 اور 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز کھیلے گی جبکہ افریقا کیخلاف سیریز کیلئے موجودہ قومی سکواڈ میں ردوبدل کیا جا سکتا ہے۔

پی سی بی ذرائع کا کہنا ہے کہ وائٹ بال سیریز کے لیے فخر زمان کی واپسی ہو گی جبکہ ٹی 20 سیریز کے لیے صائم ایوب کی بھی ٹی 20 سکواڈ میں واپسی ہو گی اسی طرح ٹیسٹ سیریز کے لیے بابر اعظم، نسیم شاہ اور شاہین شاہ آفریدی کی واپسی ہو گی۔

دورہ آسٹریلیا میں اچھی کارکردگی کا مظاہرہ کرنے والے کھلاڑیوں کو ترجیحی بنیادوں پر منتخب کیا جائے گا، بنیادی طور دونوں فارمیٹس کے لیے 18، 18 رکنی سکواڈ تشکیل دیئے جانے کا امکان ہے۔

ذرائع کا مزید کہنا ہے کہ فائنل سکواڈ کا اعلان سیریز سے قبل ہی کیا جائے گا تاکہ کھلاڑی کنڈیشنز سے ہم آہنگ ہو جائیں، پاکستان نے 10 دسمبر سے 7 جنوری تک جنوبی افریقا کے خلاف سیریز کھیلنی ہے۔ 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں