عالمی دلچسپی میں اضافہ، پی ایس ایل ٹیموں کیلئے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع
لاہور: (دنیا نیوز) پاکستان سپر لیگ (پی ایس ایل) کی فرنچائزز میں عالمی سطح پر سرمایہ کاری اور شمولیت میں نمایاں اضافہ دیکھنے میں آ رہا ہے۔
چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ محسن نقوی نے ایکس پرجاری اپنے پیغام میں بتایا کہ یورپ، امریکا اور مشرقِ وسطیٰ سے مختلف گروپس کی جانب سے پی ایس ایل ٹیموں میں شمولیت کی دلچسپی غیرمعمولی طور پربڑھی ہے۔
محسن نقوی کا کہنا ہے کہ بڑھتی ہوئی دلچسپی کو مدنظررکھتے ہوئے پی ایس ایل ٹیموں کے لئے بولی جمع کرانے کی تاریخ میں توسیع کا فیصلہ کیا گیا ہے۔
— Mohsin Naqvi (@MohsinnaqviC42) December 12, 2025
پی سی بی نے نئی ڈیڈ لائن 22 دسمبر 2025 مقررکردی ہے تاکہ مزید کنسورشیم اورسرمایہ کار باضابطہ طورپراس عمل میں حصہ لے سکیں۔
چیئرمین پی سی بی نے کہا کہ وہ نئے فرنچائزاونرزکو پی ایس ایل فیملی میں خوش آمدید کہنے کے منتظر ہیں جبکہ “ہاؤس آف پی ایس ایل” میں شامل ہونے کے خواہشمند تمام گروپس کیلئے نیک تمناؤں کا اظہار بھی کیا۔
پی سی بی کے مطابق اس بار پی ایس ایل ٹیموں میں بین الاقوامی سطح پربڑھتی دلچسپی پاکستان کرکٹ کی ساکھ، لیگ کی مقبولیت اورمالی استحکام کی طرف مثبت اشارہ ہے، نئی ڈیڈ لائن کے بعد ٹیموں کے مالکان کی حتمی فہرست کا مرحلہ شروع ہوگا۔