لاہور: مصری شاہ میں سب انسپکٹر کا قتل ، بیٹے کی مدعیت میں مقدمہ درج

لاہور: (دنیانیوز) صوبائی دارالحکومت لاہور میں مصری شاہ کے علاقے میں نامعلوم شخص کی فائرنگ سے پولیس کا سب انسپکٹر شہید ہو گیا۔

پولیس کے مطابق سب انسپکٹر ارشد کے قتل کا مقدمہ مقتول کے بیٹے کی مدعیت میں درج کر لیا گیا ، ایف آئی آر متن کے مطابق ارشد سب انسپکٹر اپنی ڈیوٹی ختم کر کے واپس جا رہے تھے کہ کاچھو پورہ کے قریب گھر کی دہلیز پر پہلے سے گھات لگائے ملزم نے ارشد کو گولیاں مار دیں ۔

سب انسپکٹر کے بیٹے احد ارشد والد کو شدید زخمی حالت میں ہسپتال لے گئے تاہم وہ راستے میں ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کا کہنا ہے کہ شہید سب انسپکٹرارشد باغبانپورہ انویسٹی گیشن ونگ میں تعینات تھا ، پولیس نے لاش پوسٹمارٹم کیلئے جمع کروا دی ۔

پولیس کے مطابق نامعلوم ملزمان کی فائرنگ سے شہید ہونے والے سب انسپکٹر کے قاتلوں کی گرفتاری کے لئے تین ٹیمیں بنا دی گئی ہیں ، شہید سب انسپکٹر کا جنازہ کل قلعہ گوجر سنگھ پولیس لائن میں ادا کیا جائے گا۔
 

Advertisement
روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں