گوجرانوالہ: مبینہ پولیس مقابلہ، بچے کے اغواء میں ملوث ملزم ہلاک، ایک اشتہاری گرفتار

گوجرانوالہ: (دنیا نیوز) گوجرانوالہ میں مبینہ پولیس مقابلے کے دوران تاوان کیلئے 9 سالہ بچے کو قتل کرنے والا ملزم ہلاک ہو گیا۔

گوجرانوالہ کے علاقے تھانہ قلعہ دیدار سنگھ میں پولیس نے ملزم کی موجودگی کی اطلاع پر چھاپہ مارا تو اس نے پولیس پارٹی پر فائرنگ کر دی، پولیس کی جوابی کارروائی کے دوران قتل کا ملزم گولیاں لگنے سے موقع پر دم توڑ گیا۔

پولیس نے لاش تحویل میں لے کر ہسپتال منتقل کر دی، مرنے والے ملزم کی شناخت معظم کے نام سے ہوئی جس نے 40 لاکھ تاوان کی رقم نہ ملنے پر 9 سالہ بچے کو قتل کر دیا تھا، پولیس نے مقدمہ درج کر کے قانونی کارروائی شروع کی تھی۔

دوسری جانب گوجرانوالہ کے علاقے منڈی بہاؤالدین سے پولیس نے سعودی عرب کو قتل کے مقدمے میں مطلوب اشتہاری ملزم کو گرفتار کر لیا، ملزم کی شناخت غلام عباس کے نام سے ہوئی، وہ سعودی عرب سے فرار ہو کر پاکستان آیا تھا۔
 

روزنامہ دنیا ایپ انسٹال کریں